اوپن مارکیٹ ریٹس

ہمیں فالو کریں

841,609FansLike
9,977FollowersFollow
560,700FollowersFollow
169,527SubscribersSubscribe

حادثات میں تین بہن بھائیوں سمیت دو خواتین اورگیارہ افراد شدید زخمی

حادثات میں تین بہن بھائیوں سمیت دو خواتین اورگیارہ افراد شدید زخمی
واربرٹن (عثمان سندرانہ)ٹریفک کے مختلف حادثات میں تین بہن بھائیوں سمیت دو خواتین سمیت گیارہ افراد شدید زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق گاؤں وکیل والا سٹاپ کے قریب ایک تیز رفتار موٹر سائیکل رکشہ پر سوار 40سالہ سلمیٰ بی بی اچانک جمپ لگنے سے نیچے گر کر شدید زخمی ہوگئی۔ننکانہ واربرٹن بائی پاس کے قریب ایک تیز رفتار کیری ڈبہ بے قابوہوکر قریبی کھیتوں میں الٹ گیا جس کے نتیجہ میں 35سالہ مرتضیٰ،اسکا 15سالہ بھائی وقاص، 14سالہ بہن ثوبیہ بی بی، 32سالہ ارشد، 20سالہ ساجد اور13 سالہ سلمان شدید زخمی ہوگئے۔ کوٹ سادھورام سٹاپ کے قریب ایک تیز رفتار موٹر سائیکل پھسل جانے کے باعث موٹر سائیکل پر سوار 20سالہ محسن شدید زخمی ہوگیا۔ بچیکی موڑکھنڈا روڈ پر دو تیز رفتار موٹر سائیکلوں کے تصادم میں 30سالہ رفیع اللہ اور 27سالہ عمران شدید زخمی ہوگئے علاوہ ازیں دربار شاہ سلیم سٹاپ کے قریب ایک تیز رفتار موٹر سائیکل بے قابو ہوکر کیری ڈبہ کے ساتھ ٹکراگئی جس کے نتیجہ میں 28سالہ تنظیم شدید زخمی ہوگیا تمام زخمیوں کو ریسکیو1122 ننکانہ صاحب کے عملہ نے ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد مختلف ہسپتالوں میں منتقل کردیا۔
رانا جمیل حسن نے حقیقی معنوں میں ننکانہ صاحب کی نمائندگی کا حق ادا کر دیا ہے ، حاجی محمد اکرم آرائیں
واربرٹن( عثمان سندرانہ)باباگورونانک انٹرنیشنل یونیورسٹی کو ننکانہ صاحب میں ہی قائم کرنے کی قرار داد پنجاب اسمبلی میں پیش کرنے پر سیاسی وسماجی رہنما واربرٹن حاجی محمد اکرم آرائیں کا ایم پی اے رانا جمیل حسن المعروف رانا گڈ خاں کو خراج تحسین ،رانا جمیل حسن نے حقیقی معنوں میں ننکانہ صاحب کی نمائندگی کا حق ادا کر دیا ہے ،باقی اراکین اسمبلی بھی خاموشی کی بجائے یونیورسٹی کے ننکانہ صاحب میں ہی قیام میں اپنا عملی حصہ ڈالیں ۔ تفصیلات کے مطابق ’’نیوزالرٹ‘‘سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سیاسی و سماجی رہنما حاجی محمد اکرم آرائیں نے مسلم لیگی رکن صوبائی اسمبلی رانا جمیل حسن المعروف رانا گڈ خاں کی طرف سے پنجاب اسمبلی میں بابا گورونانک انٹر نیشنل یونیورسٹی کو ننکانہ صاحب میں ہی بنانے کی قرار داد پیش کرنے پر خراج تحسین پیش کیا ہے انہوں نے کہا کہ باقی اراکین اسمبلی اور منتخب عوامی نمائندوں کے بر عکس رانا جمیل حسن نے ضلع ننکانہ صاحب کے اس اہم ترین مسئلے کو اسمبلی کے فلور پر اٹھا کر اس ضلع کے حقیقی باسی ہو نے کا حق ادا کر دیا ہے جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں انہوں نے کہا کہ عالمی معیار کی یو نیورسٹی ننکانہ صاحب میں بننے سے ہماری آنے والی کئی نسلوں کو فائدہ ہو گا جس کا شاید ان اراکین اسمبلی کو اس لئے اندازہ نہیں ہے کہ وہ اپنی اولادوں کو یہاں پڑھا نا نہیں چاہتے ہوں گے ،انہوں نے بابا گورونانک انٹر نیشنل یونیورسٹی کی قرار داد کی بھر پور حمایت پر کرنے پر اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں محمود الرشید ،صوبائی وزیر اقلیتی امور طاہر خلیل سندھو ،مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب رانا محمد ارشد اورجماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر وسیم ،ننکانہ بار،چیئرمین ایم سی ننکانہ چوہدری نعیم کابھی شکریہ ادا کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ اب مذکورہ یونیورسٹی کو ننکانہ صاحب میں ہی بنانے کے لئے جلد اس کا سنگ بنیاد رکھا جائے تاکہ ننکانہ صاحب کے شہریوں میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ ہو سکے۔
محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی کے انتظامات کو مزید بہتر بنانے موک ایکسر سائز
واربرٹن (عثمان سندرانہ)واربرٹن میں محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی کے انتظامات کو مزید بہتر بنانے کے لیے محکمہ سول ڈیفنس ننکانہ صاحب کے زیر اہتمام کاظمی ہاؤس واربرٹن کے قریب موک ایکسر سائز کا انعقاد کیا گیاجس میں پولیس تھانہ واربرٹن ،شہری دفاع اور ہسپتال کے متعلقہ عملہ ،بم دسپوزل سکواڈ، ریسکیو1122، پولیس، سپیشل برانچ،انسداد دہشت گردی،ایلیٹ فورس اور ٹریفک پولیس سمیت دیگر ضلعی محکموں کے افسران اور متعلقہ اہلکاروں نے حصہ لیا۔موک ایکسر سائز میں کسی بلاسٹ کی صورت میں بروئے کار لائے جانے والے تمام اقدامات کے تمام ترپہلوؤں کی عملی مشق کی گئی اور ہرا دارے کے اہلکاروں نے اپنے اپنے فرائض مستعدی سے بجا لانے کا عملی مظاہرہ کیا جس سے موک ایکسر سائز کی اہمیت و افادیت اجاگر ہوئی موک ایکسر سائز میں شریک اہلکاروں سے سول ڈیفنس ننکانہ کے انچارج محمد مبشر ربانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موک ایکسر سائز کا مقصد متعلقہ اداروں اور ان کے اہلکاروں کو کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نبٹنے کے لیے عملی طور پر تیار کر نا ہے۔آزمائشی موک ایکسر سائز میں فرضی بم بلاسٹ بھی کیا گیا جس کے نتیجے میں کچھ لوگوں کو فرضی زخمی کیا گیا، زخمی ہونے والے افراد کو محکمہ صحت اور ریسکیو1122کے عملہ نے سول ڈیفنس کے رضا کاروں کی مدد سے ایمبولینس میں منتقل کیا گیا۔اس موقع پر ایس ایچ او تھانہ واربرٹن رانا سجاد اکبر بھی موجود تھے۔

واربرٹن(عثمان سندرانہ) میڈیکل سٹور ایسوسی ایشن واربرٹن کے صدررانا محمد شفیق عباد کی ہمشیرہ حرکت قلب بند ہونے کے باعث انتقال کر گئیں‘انا للہ وانا الیہ راجعون،رانامحمد شفیق عباد کی ہمشیرہ کی وفات پرچوہدری نوشیر مان،چیئرمین جمیل نارگ،محسن اقبال بگڑ،ایڈووکیٹ شیخ منصور شفیع،حاجی میاں وحید احمد نارگ،سمیت دیگر سیاسی وسماجی شخصیات نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں جگہ عطافر مائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے
ڈسٹرکٹ با ر روم میں "یونیورسٹی بچاؤ "سیمینار کا انعقاد
ننکانہ صاحب ( چوہدری افضل حق خاں) بابا گورونانک انٹر نیشنل یونیور سٹی ننکانہ صاحب بچاؤ ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام ڈسٹرکٹ با ر روم میں "یونیورسٹی بچاؤ "سیمینار کا انعقاد کیا گیا ۔ سیمینار میں مسلم لیگی ایم پی اے رانا جمیل حسن گڈ خان ، جنرل سیکرٹری پاکستان سکھ گوردوارہ پر بندھک کمیٹی سردار گوپال سنگھ چاولہ ،صدر سکھ کونسل آف پاکستان سردار مستان سنگھ ،چیئر مین میونسپل کمیٹی ننکانہ صاحب چوہدری نعیم احمد ، صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن رائے محمد اکرم بھٹی ،جنرل سیکرٹری رائے قاسم مشتاق کھرل، ایکشن کمیٹی کے کنوینئر محمد امین بھٹی ایڈووکیٹ، شیخ محمد امین ایڈووکیٹ، ندیم اشرف، میاں لیاقت علی، خادم حسین سندھو، رانا علی اصغر،محمد سعید بھٹی، چیئر مین مرکزی انجمن تاجران چوہدری مشتاق احمد صراف ،صدر ڈاکٹر ز فورم ڈاکٹر منظور احمد اویس ،صدر کریانہ مرچنٹ ایسو سی ایشن شیخ طارق ،جنرل سیکرٹری شیخ رضوان ،معروف سماجی کارکن حاجی عبد الحمید رحمانی ،صدر فقہ جعفریہ ننکانہ سٹی سید ابرار حسین بخاری ،ضلعی صدر مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ حافظ زاہد جاوید، چیئر مین یونین کونسلز و ممبران ضلع کونسل ،کونسلرز میونسپل کمیٹی ننکانہ صاحب ، معروف رائس ڈیلر چوہدری محمد دین ، ملک انواراحمد ، چوہدری مسعود احمد نکودری ، خان اقبال احمد خان،سیاسی ،سماجی،تاجر ،صحافتی ،شہری اور مذہبی تنظیموں کے رہنماؤں سمیت شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رانا جمیل حسن گڈ خاں نے کہا کہ وکلاء نے ہمیشہ آئین ،قانون اور انسانی حقوق کی بات کی ہے ،ملک کے وسائل لوٹنے والے لوگ گندے اور گٹھیا ہیں ،محنت مزدوری کر کے اپنے بچوں کا پیٹ پالنے والے مزدور کی عزت ان ایم این اے ،ایم پی اے اور وزراء سے زیادہ ہے جو دوسروں کے حقوق غصب کرتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ میں نے یونیورسٹی کی آواز پنجاب اسمبلی تک پہنچا دی ہے اور انشا ء اللہ میری ہر ممکن کوشش ہو گی کہ اس آواز کو وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ تک پہنچایا جائے ، میرا اوڑھنا بچھونا مسلم لیگ (ن) ہے مگر کسی جماعت میں ہو نے کا ہر گز مقصد یہ نہیں ہو تا کہ آپ ان کی غلط بات کی بھی وکالت کرنا شروع کر دیں ،انہوں نے مزید کہا کہ میری عادت رہی ہے کہ ہمیشہ حق بات کی ہے اور حق بات کا ساتھ دیا ہے ،میں نے اپنے حصے کا کام کر دیا ہے اب دیگر اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کا بھی حق بنتا ہے کہ وہ چپ کا روزہ توڑتے ہوئے اپنا حصے کا کردار اد ا کریں ،سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین میونسپل کمیٹی چوہدری نعیم احمد ، سابق صدر بارچوہدری انور زاہد ،صدر باررائے محمد اکرم بھٹی، جنرل سیکرٹری بار رائے قاسم مشتاق ، کنویئر ایکشن کمیٹی محمد امین بھٹی ایڈووکیٹ، حاجی عبدالحمید رحمانی، ڈاکٹر منظور احمد اویس ، صدر انجمن مزارعین رانا محمد ایوب اور دیگر مقررین نے کہا کہ بابا گورونانک انٹر نیشنل یونیورسٹی اہل ننکانہ صاحب کا حق ہے اس حق کو حاصل کرنے کے لئے ضلع ننکانہ صاحب کے ہر مکتبہ فکر نے بھرپور تحریک چلانے کا فیصلہ کر لیا ہے اور ابھی یہ تحریک شروع ہو ئی ہے لہذا ہم ارباب اختیار کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ بابا گورونانک انٹر نیشنل یونیورسٹی کا جلد ننکانہ صاحب میں قائم کرنے کے لئے اس کا فوری سنگ بنیاد رکھا جائے ،انہوں نے کہا کہ ضلع ننکانہ صاحب کا ایک ایک شہری اس یونیورسٹی کو ننکانہ صاحب کے علاوہ کسی اور مقام پر بنانے کے فیصلے کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوگا ،اس موقع پر ایک قرار داد بھی منظور کی گئی جس میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ بابا گورونانک انٹرنیشنل یونیورسٹی ننکانہ صاحب کا بنیادحق ہے اس یونیورسٹی کا قیام بلا تاخیر عمل میں لایا جائے اور یہ یونیورسٹی ننکانہ صاحب میں قائم ہواس کے علاوہ کسی اور جگہ قائم کرنے کی تجویز کی پرزور مخالفت کرتے ہیں،حکومت پاکستان بابا گورو نانک یونیورسٹی ننکانہ صاحب کے قیام میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے اس کا ننکانہ صاحب میں سنگ بنیاد رکھنے کا اعلان کیا جا ئے ۔
چیف آفیسر ڈسٹرکٹ کونسل ننکانہ کا قصبہ سیدوالا، موڑکھنڈا اور منڈی فیض آباد سمیت دیگر مقامات کا دورہ
ننکانہ صاحب (چوہدری افضل حق خاں)چیف آفیسر ڈسٹرکٹ کونسل ننکانہ صاحب فداء افتخار میر کا قصبہ سیدوالا، موڑکھنڈا اور منڈی فیض آباد سمیت دیگر مقامات کا دورہ، محرم الحرام کے دوران نکالے جانے والے جلوسوں کے روٹس کا معائنہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق چیف آفیسر ڈسٹرکٹ کونسل ننکانہ صاحب فداء افتخار میر نے گزشتہ روز قصبہ سیدوالا، موڑکھنڈا ، مانگٹانوالہ، منڈی فیض آباد سمیت دیگر مقامات کا دورہ کیا اور محرم الحرام کے دوران نکالے جانیوالے جلوسوں کے روٹس کو چیک کیا اور تمام انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا اس موقعہ پر چیف آفیسر ڈسٹرکٹ کونسل ننکانہ فداء افتخار میر نے اہل تشیع کے علماء کرام اور ذاکرین سے بھی ملاقات کی اور محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات کو مزید فول پروف بنانے کے لئے تجاویز زیر بحث لائیں گئیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف آفیسر فداء افتخار میر نے کہا کہ محرم الحرام کے سلسلہ میں ڈسٹرکٹ کونسل ننکانہ صاحب نے ڈیوٹی روسٹر جاری کردیا گیا ہے یکم محرم الحرام سے لیکر 10محرم الحرام تک ضلع کونسل ننکانہ صاحب میں ایک کنٹرول روم بھی قائم کیا جائے گا جہاں پر ڈسٹرکٹ کونسل ننکانہ صاحب کا عملہ 24گھنٹے ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دے گا انہوں نے مزید کہا کہ محرم الحرام کے دوران تمام عملہ کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں اور دوران ڈیوٹی کسی بھی قسم کی غفلت اور لاپرواہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
مخبر کی اطلاع پر چھاپہ جواری جواء کھیلتے رنگے ہاتھوں گرفتار
ننکانہ صاحب (چوہدری افضل حق خاں)پولیس تھانہ سٹی ننکانہ صاحب نے مخبر کی اطلاع پر چھاپہ مارکر چار جواریوں کو جواء کھیلتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ تفصیلات کے مطابق ہاؤسنگ کالونی ننکانہ صاحب میں چار جواء تاش پر جواء کھیل رہے تھے کہ ایس ایچ اوتھانہ سٹی ننکانہ صاحب چوہدری محمد علی چدھڑاور انچارج انویسٹی گیشن مظہر حسین نے دیگر پولیس ملازمین کے ہمراہ چھاپہ مارکر چاروں ملزمان قیصر محمود، عبدالعزیز، محمد سلیم ڈار، محمد انور شاہ اور معراج دین کو جواء کھیلتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا اور ملزمان سے قبضہ پر تاش ، داؤ پر لگی ہوئی 15ہزار 300روپے کی نقدی اور چار موبائل فونز قبضہ میں لیکر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
ننکانہ صاحب ( چوہدری افضل حق خاں) محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی کے انتظامات کو مزید بہتر بنانے کے لیے محکمہ سول ڈیفنس ننکانہ صاحب کے زیر اہتمام گھنٹہ گھر چوک شاہکوٹ اور مرکزی امام بارگاہ نزد ریلوے اسٹیشن سانگلہ ہل میں موک ایکسر سائز کا انعقاد کیا گیاجس میں بم دسپوزل سکواڈ ، ریسکیو1122، پولیس ، سپیشل برانچ ،انسداد دہشت گردی ،ایلیٹ فورس اور ٹریفک پولیس سمیت دیگر ضلعی محکموں کے افسران اور عملے نے شرکت کی آزمائشی مشق میں دہشت گردی سے نمٹنے ، ہنگامی حالات میں جان بچانے ، آگ سے بچنے ، شہری دفاع سمیت دیگر ایمر جنسی سروسز کے بارے آگاہی دلائی گئی موک ایکسر سائز میں فرضی بم بلاسٹ کیا گیا جس کے نتیجے میں کچھ لوگوں کو فرضی زخمی کیا گیا ، زخمی ہونے والے افراد کو محکمہ صحت اور ریسکیو1122کے عملہ نے سول ڈیفنس کے رضا کاروں کی مدد سے ایمبولینس میں منتقل کیا گیا۔

رپورٹ: ملک محمد عثمان سندرانہ بیوروچیف نیوز الرٹ شیخوپورہ ،واربرٹن سٹی / چوہدری افضل حق نیوزالرٹ ننکانہ صاحب