ہندوستانی جیل میں 11 سال قید کے بعد دو بہنوں اور بیٹی کی رہائی

فاطمہ اور ممتاز، بچی حنا کے ساتھ واہگہ بارڈر کے ذریعے پاکستان پہنچیں، جہاں ان کے اہلخانہ ان کے استقبال کے لیے موجود تھے۔ذرائع کے مطابق دونوں بہنیں فاطمہ اور ممتاز اپنی والدہ رشیدہ بی بی کے ہمراہ سمجھوتہ ایکسپریس کے ذریعے 2006 میں ہندوستان گئی تھیں، جہاں انہیں منشیات اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا تھاگجرانوالہ کی رہائشی دونوں بہنوں اور ان کی والدہ کو گرفتاری کے بعد امرتسر جیل منتقل کردیا گیا جہاں 2 سال قبل ان کی والدہ کا انتقال ہوگیا۔ فاطمہ، جو گرفتاری کے وقت حمل سے تھیں، نے جیل میں ہی بیٹی کو جنم دیا، جس کا نام حنا رکھا گیا اور جس کی عمر اب 10 سال ہے۔مذکورہ خواتین کو ساڑھے 10 سال قید کی سزا کے ساتھ جرمانے کی سزا بھی سنائی گئی تھی، لیکن ان کی سزا ختم ہونے کے بعد بھی جرمانہ ادا نہ کرنے کے باعث انہیں قید میں رکھا گیا۔تاہم بعدازاں ہندوستان کی ایک این جی او نے جرمانہ ادا کرکے بہنوں کی رہائی کی راہ ہموار کی