اوپن مارکیٹ ریٹس

ہمیں فالو کریں

809,663FansLike
9,937FollowersFollow
553,900FollowersFollow
169,527SubscribersSubscribe

میاں تیرے وعدے۔19 سال سے نوازشریف کامنتظر

ننکانہ صاحب(چوہدری افضل حق خاں)پہلے یو م ِتکبیر پرچاغی پہاڑ کا ماڈل تیار کرتے وقت آنکھ ضائع کرنیوالا محنت کش 19سال سے حکومتی امداد کا منتظر، 4بچوں کے باپ کی دوسری آنکھ کی بینائی بھی جواب دینے لگی، 1999ء میں میاں نواز شریف کی یقین دہانی کے باوجود کوئی مدد کو نہ پہنچا، محنت کش اشفاق مسیح کے گھر فاقوں نے ڈیرے ڈال لئے گھر کا کرایہ ادا کرنا بھی مشکل ہو گیا غریب خاندان کا حکومت وقت سے مالی امداد کا مطالبہ، تفصیلات کے مطابق شاہ کوٹ کے رہائشی پطرس مسیح کا بیٹا اشفاق مسیح آج سے 20سال قبل 5مئی1999ء کو پاکستان کے ایٹمی دھماکوں کی پہلی سالگرہ کے موقع پر خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں چاغی کے پہاڑوں کے ماڈل کی تیاری کے سلسلہ میں کام کر رہا تھا کہ اچانک ویلڈنگ کے دوران لوہے کا ٹکڑا آنکھ میں لگنے سے اشفاق مسیح کی آنکھ ضائع ہوگئی یہ بڑا حادثہ اسکے اور اسکے خاندان کیلئے لئے کسی قیامت سے کم نہ تھا ،حادثہ کی اطلاع ملنے پر اسوقت کے وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف نے متاثرہ خاندان کو مالی امداد اور اشفاق مسیح کا حکومتی سطح پر علاج معالجہ کرانے کی یقین دہانی کروائی مگر وہ وعدہ ہی کیا جو وفا ہو جائے اور آج حادثہ کو19سال گزرنے کو ہیں مگر آج تک اشفاق مسیح اور اسکے خاندان کی کسی نے بات تک نہیں پوچھی متاثرہ خاندان جمع پونجی اور لوگوں سے ادھار رقم پکڑ کر اشفاق کا علاج کراتا رہا مگر اسکی آنکھ ٹھیک نہ ہو سکی تنگ آکر اشفاق مسیح نے ایک آنکھ کیساتھ ہی بچوں کا پیٹ پالنے کیلئے محنت مزدوری شروع کر دی اور آج تک کر رہا ہے مگر اب اسکی دوسری آنکھ کی بینائی بھی ختم ہوتی جا رہی ہے جسکی وجہ سے اشفاق اور اسکا خاندان شدید کرب میں مبتلا ہے اور ابھی تک حکومت سے مدد کی آس لگائے بیٹھا ہے،اشفاق مسیح کی نظر کی معذوری کے باعث اسکے گھر کے حالات انتہائی تنگ ہو چکے ہیں اور گھر میں حالت فاقوں تک جا پہنچی ہے، میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے اشفاق مسیح کے والد پطرس مسیح کا کہنا تھا کہ میرے بیٹے کی سرکاری کا م کے دوران آنکھ ضائع ہوئی تھی مگر میاں نواز شریف کے وعدے کے باوجود ہمیں آج تک کوئی حکومتی امداد نہیں ملی اور ہم 19 سال سے اسی انتظار میں ہیں کب کوئی مسیحا بن کر ہماری مدد کو پہنچے گا۔