اوپن مارکیٹ ریٹس

ہمیں فالو کریں

836,984FansLike
9,978FollowersFollow
559,500FollowersFollow
169,527SubscribersSubscribe

عدالت نے حمزہ شہباز کو بیرونِ ملک سفر کی اجازت دے دی

لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ (ن) کے اہم رہنما حمزہ شہباز کو ایک مرتبہ صرف 10 روز کے لیے بیرونِ ملک سفر کرنے کی اجازت دے دی۔عدالت عالیہ میں جسٹس محمد فرخ عرفان نے حمزہ شہباز کی جانب سے اپنا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔درخواست میں حمزہ شہباز نے وزارت داخلہ، امیگریشن حکام اور قومی احتساب بیورو (نیب) کو فریق بنایا تھا۔حمزہ شہباز نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ انہیں حکام کی جانب سے ان کا نام بلیک لسٹ میں شامل کرنے سے متعلق نہیں بتایا گیا تھا۔انہوں نے عدالت کو آگاہ کیا کہ جب وہ 17 نومبر کو برطانیہ جانے کے لیے ایئرپورٹ پہنچے تو انہیں معلوم ہوا کہ ان کا نام بلیک لسٹ میں شامل ہے جس کی وجہ سے وہ بیرونِ ملک سفر نہیں کرسکتے۔حمزہ شہباز نے موقف اختیار کیا کہ انہوں نے نام بلیک لسٹ میں شامل ہونے پر وضاحت کے لیے متعلقہ حکام کو متعدد مرتبہ خطوط لکھے لیکن کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔انہوں نے اپنی درخواست میں امکان ظاہر کیا کہ نیب میں جاری انکوائری کی وجہ سے ان کا نام ای سی ایل میں شامل کیا گیا ہے۔درخواست میں لیگی رہنما نے کہا کہ میں نیب کی انکوائری میں باقاعدگی سے پیش ہوتا رہا ہوں، وزارتِ داخلہ کو بلاجواز کسی بھی پاکستانی کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا اختیار حاصل نہیں ہے۔حمزہ شہباز نے عدالت سے استدعا کی کہ آئین پاکستان کے تحت آزادانہ نقل و حرکت ہر شہری کا بنیادی حق ہے لہٰذا معزز عدالت بلاجواز ڈالا گیا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دے۔حمزہ شہباز کی درخواست پر عدالت نے وفاقی وزارتِ داخلہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا تھا، تاہم آج عدالت میں حکومت کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل اشتیاق اے خان عدالت میں پیش ہوئے۔سماعت کے آغاز میں ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت میں ایک کیس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حمزہ شہباز کی درخواست ناقابل سماعت ہے، ہائیکورٹ نے خود ایک فیصلے میں یہ تعین کیا تھا کہ کن حالات میں کس شخص کی نقل و حمل روکی جاسکتی ہے۔اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اگر کسی نے سرکاری خزانے کو نقصان پہنچایا ہو تو اسے باہر جانے سے روکا جاسکتا ہے۔

جسٹس فرخ عرفان خان نے ریمارکس دیے کہ یاد رکھیے جو آج حکومت میں ہیں وہ کل اپوزیشن میں ہو سکتے ہیں، ہم اس ملک کو بنانا ری پبلک نہیں بننے دیں گے۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ حمزہ شہباز 21 کروڑ 50 لاکھ روپے کے غبن میں ملوث ہیں، اسی لیے حمزہ شہباز بیرون ملک فرار ہونا چاہتے ہیں۔اشتیاق اے خان نے عدالت میں حوالہ دیا کہ سابق وزیرِ خزانہ اسحٰق ڈار ملک سے باہر گئے تھے لیکن واپش نہیں آئے۔جسٹس محمد فرخ عرفان خان نے ریمارکس دیے کہ نیب جس طرح کام کر رہا ہے اس سے چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار سمیت سپریم کورٹ کے دیگر ججز بھی نارض ہیں۔