اوپن مارکیٹ ریٹس

ہمیں فالو کریں

837,574FansLike
9,976FollowersFollow
560,500FollowersFollow
169,527SubscribersSubscribe

کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے 5 شہری شہید

مظفرآباد (نیوز ڈیسک) بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر ایک بار پھر بلااشتعال فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 5 شہری شہید اور 10 زخمی ہوگئے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مقامی پولیس حکام نے بتایا کہ بھارتی فائرنگ سے 5 شہری شہید اور 10 زخمی ہوئے ہیں۔ قبل ازیں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ہفتے کو بھارتی فورسز نے چڑی کوٹ اور ستوال سیکٹر میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلااشتعال فائرنگ کی اور شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک لڑکی سمیت 2 شہری شہید ہوئے۔ آئی ایس پی آر کے بیان میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ بھارتی فوج نے ہلکے اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا تاہم پاک فوج نے بھی بھارتی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے دشمن کی توپوں کو خاموش کرادیا۔ بعد ازاں پاکستان نے بھارت کی جانب سے ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کرایا۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھارت کی جانب سے جان بوجھ کر عام شہریوں کو نشانہ بنانا شرمناک عمل اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے قانون کی خلاف ورزی ہے۔ خیال رہے کہ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی ایسے موقع پر کی گئی ہے جب کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے شہید کیے گئے برہان وانی کی پہلی برسی منائی جارہی ہے۔ برہان وانی کی برسی کے موقع پر بھارتی فوج نے کشمیر کو چھاؤنی میں تبدیل کردیا ہے جبکہ وادی بھر میں انٹرنیٹ سروس بھی بند ہے۔ متعدد حریت رہنماؤں کو نظر بند کردیا ہے اور مختلف علاقوں میں کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔