وفاقی تحقیقاتی ادارے نے حوالہ ہنڈی کیخلاف کارروائیوں کے دوران 2 افراد کو گرفتار کرکے بڑی رقم برآمد کرلی۔
ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل پشاور نے ایک کارروائی میں حوالہ ہنڈی میں ملوث گینگ کے 2 کارندے گرفتار کرلیے۔
چھاپے کے دوران گرفتار ملزمان حبیب اللہ اور محمد اجمل سے ایک کروڑ 62 لاکھ 50 ہزار روپے برآمد ہوئے۔
حاجی کیمپ، جی ٹی روڈ پشاور سے گرفتار کیے گئے ملزمان بغیر لائسنس کے منی چینجر کا کاروبار کر رہے تھے، ملزمان سے حوالہ ہنڈی سے متعلق رسیدیں بھی برآمد کرلی گئی ہیں، ملزمان برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہیں کر سکے تھے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔