پی ڈی ایم عوام کوریلیف نہیں بلکہ تکلیف دے رہی ہے:شیخ رشید

شیخ رشید

سربراہ عوام مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پیٹرول بم سے بڑا بم بجلی کے بل کیساتھ عوام کو ملنے والا ہے ،سیاسی و سماجی تباہی کے بعد آئین اور قانون آخری ہچکیاں لے رہا ہے ۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ آخری 10 دن کی مہنگائی مارچ کرنے والی حکومت سے کون غیر ملکی سرمایہ کاری کے معاہدے کرے گا، موجودہ حکومت آئندہ 10 دنوں میں عوام کیلئے مزید تباہی اور بربادی کے فیصلےکرکے جائے گی ،عوام کو ریلیف نہیں تکلیف دی جارہی ہے، جاتے جاتے پیٹرول ، آٹا ، چینی ،گیس اور بجلی پر ایسا جھاڑو پھیر کے جارہے کہ غریب معاشی طور پر زندہ مر گیا ہے۔

نگران وزیراعظم ہر پارٹی کی جیب میں موجود ہے لیکن بائیو میٹرک نہیں ہو رہا: شیخ رشید

شیخ رشید نے کہا ہے کہ سب اچھا کہہ رہے ہیں وہ بھی شکنجے میں آنے والے ہیں ، جس طرح انہوں نے بچوں اور بچیوں کو گھر وں سے اٹھایا گیا ہے ،گھروں کو بلڈوز کیا ، ملک کو ظلم اور بربریت کا نشانہ بنایا گیا، الیکشن ہونا یا الیکشن نہ ہونا یہ وقت آنے پر کرنے کی بات ہے۔

شیخ رشید کاکہنا تھاکہ یہ غریب کا کیس نہیں رہا، 90 دن ایک بہانہ ہے ، الیکشن کو آگے کہیں اور لے کر جانا ہے اور قانون کی بالادستی کا بھی جنازہ نکالنا ہے ، اگر سپریم کورٹ اپنے فیصلوں پر عملدرآمد نہ کراسکی تو 25 کروڑ عوام مایوس کی دلدل میں کوئی بھی رخ اختیار کر سکتی ہے ، بڑے لوگ اور اشرافیہ ملک چھوڑ کے بھاگ جائیں گے، بھوک اور ننگ سے مارے لوگ خانہ جنگی کا شکارہو جائیں گے۔