شاہ محمود قریشی عمران خان سے ملنے زمان پارک پہنچ گئے

شاہ محمود قریشی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کیلئے وائس چئیرمین شاہ محمود قریشی زمان پارک لاہور پہنچ گئے۔

شاہ محمود قریشی پاکستان تحریک انصاف کے وہ واحد رہنماء ہیں جنہوں نے پریس کانفرنس میں پی ٹی آئی کا عہدہ چھوڑنے کا اعلان نہیں کیا اور رہائی کے فوراً بعد چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کا اعلان کیا تھا۔

انصاف کا جھنڈا میرے ہاتھ میں ہے: شاہ محمود قریشی

وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی بدھ کی دوپہر چیئرمین عمران خان سے ملاقات کیلئے زمان پارک لاہور پہنچ گئے، اس موقع پر کارکنان کی جانب سے ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔

شاہ محمود قریشی کو گزشتہ رات عدالتی حکم پر اڈیالہ جیل سے رہا کیا گیا تھا، رہائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج بھی انصاف کا جھنڈا میرے ہاتھ میں ہے،چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کروں گا،اور ان سے رہنما ئی حاصل کروں گا۔

پی ٹی آئی رہنما نے اپنی دوبارہ گرفتاری کےحوالے سے کہا کہ عدالتی حکم کے بعد میری دوبارہ گرفتاری کا جواز نہیں تھا، میں توقید تنہائی میں تھا کسے اکسا سکتا تھا۔