ٹائی ٹینک کے ملبے کی سیر کو جانے والی ٹائٹن نامی آبدوز کے حادثے کے چار ماہ بعد بالآخر سمندر کی تہہ سے مبینہ طور پر انسانی باقیات برآمد کر لی گئیں۔
ڈیلی سٹار کے مطابق امریکی کوسٹ گارڈز کی طرف سے تصدیق کی گئی ہے کہ گزشتہ روز انہوں نے اوشن گیٹ کمپنی کی آبدوز کے ٹکڑے دریافت کیے ہیں، جن میں ایک بڑا ٹکڑا بھی شامل ہے۔آبدوز کے ٹکڑوں کے ساتھ کچھ انسانی باقیات بھی برآمد کی گئی ہیں۔
امریکی کوسٹ گارڈ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق سمندر کی تہہ سے نکالی گئی انسانی باقیات تجزیئے کے لیے میڈیکل پروفیشنلز کو بھجوا دی گئی ہیں۔
کوسٹ گارڈ کی طرف سے سمندر کی تہہ سے نکالے گئے آبدوز کے سب سے بڑے ٹکڑے کی تصاویر بھی جاری کی گئی ہے۔ یہ آبدوز کے پچھلے حصے کا ٹکڑا ہے جس پر ’اوشن گیٹ‘ اور ’ٹائٹن‘ کے الفاظ لکھے ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ اس روح فرسا سانحے میں آبدوز پھٹ جانے کے باعث اس میں سوار ٹائی ٹینک کا ملبہ دیکھنے کے لیے جانے والے پانچوں افراد لقمہ اجل بن گئے تھے۔
ان لوگوں میں ایک پاکستانی باپ بیٹا بھی شامل تھے۔ امریکی کوسٹ گارڈ کو یہ ملبہ اور انسانی باقیات سمندر کی تہہ میں پڑے ٹائی ٹینک کے ملبے سے لگ بھگ 1600فٹ کے فاصلے پر ملی ہیں۔