اللہ کی رضا اور عوام کی خاطر برداشت کر رہے ہیں: چیف جسٹس

چیف جسٹس، عمران خان ، پاکستان

چیف جسٹس عمر عطا بندیال کا کہنا ہے کہ ہم سب کچھ اللہ کی رضا اور عوام کی خاطر برداشت کر رہے ہیں۔

سپریم کورٹ میں الیکشن کمیشن کی نظر ثانی اپیل پر سماعت کا آغاز ہوا۔ اٹارنی جنرل نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ایک صوبے میں انتخابات ہوں تو قومی الیکشن متاثر ہونے کا نکتہ اٹھایا گیا تھا۔

چیف جسٹس عمر عطا بندیال نےکہا کہ آپ کو گھبرانا نہیں چاہیے۔ عدالت بیٹھی ہے۔ کوئی معقول نکتہ اٹھایا تو جائزہ لے کر فیصلہ کریں گے۔کل بھی نظر ثانی کے دائرہ اختیار پر بات ہوئی تھی۔

پی ٹی آئی پر پابندی لگانے پر غور کیا جا رہا ہے:خواجہ آصف

چیف جسٹس نےکہا کہ ماضی کو حکومت کے خلاف استعمال نہیں کریں گے۔یہاں حکومت کی نہیں اللہ کی رضا کیلئے بیٹھے ہیں۔ بہت سی قربانیاں دے کر یہاں پہنچے ہیں۔ ساتھیوں سے کہیں ہمارے دروازے پر ایسی باتیں نہ کریں، ایوان میں گفتگو بھی سخت نہ کیا کریں۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ہم اللہ کیلئے کام کرتے ہیں، اس لیےچپ ہیں۔ جس ہستی کا کام کر رہے ہیں وہ بھی اپنا کام کرتی ہے۔ صفائیاں نہ دیں، عدالت صاف دل سے بیٹھی ہے۔ سماعت کے دوران اٹارنی جنرل نے کہا کہ کل آبزرویشن دی گئی جس کو غلط انداز میں پیش کیا گیا۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ہرچیز درست رپورٹ نہیں ہوتی ہے، کہا گیا کہ عمران خان کو عدالت نے مرسیڈیز دی تھی۔ وضاحت جاری کی اس کو بھی غلط پیش کیا گیا، میں مرسیڈیز استعمال ہی نہیں کرتا۔ پولیس نے عمران خان کیلئے بلٹ پروف مرسیڈیز کا بندوبست کیا تھا۔ اس بات کوکچھ اوربنا دیا گیا۔