
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہےکہ اگر کوئی نوجوان پاکستان چھوڑ کر امریکا اور یورپ میں آباد ہونےکا فیصلہ کرتا ہے تو یہ مثبت چیز ہے، اس رجحان کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔
امریکا کی معروف ہارورڈ یونیورسٹی کے طلبا کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انوار الحق کاکڑ نےکہا کہ وہ نوجوانوں کے ملک چھوڑ کر جانےکو منفی نظر سے نہیں دیکھتے، مگر انہیں اس بات پر گزشتہ 2 روز سے ٹرولنگ کا نشانہ بنایا جارہا ہے، میرے بیان کا کچھ حصہ کاٹ کر ٹرولنگ کی گئی، میں سمجھتا ہوں باہر جانے والا نوجوان خاندان کی روزی کا سبب بنتا ہے اور ترسیلات زر کے ذریعے معیشت میں بھی مثبت حصہ ڈالتا ہے۔
انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ کوئی امریکا، یورپ یا کہیں بھی جاتا ہے یہ صرف چیلنج نہیں ایک موقع بھی ہے،بہتر مواقعوں کے حصول کے لیے نوجوانوں کے دیگر ممالک جانے کو برا نہیں سمجھتا، کیا یہ پہلی بار ہےکہ نوجوان ملک سے باہر جا رہے ہیں ؟ بالکل نہیں، ہرماہ اور ہر سال لوگ ملک سے باہر جاتے ہیں یہ معمول ہے۔
چیئر لفٹ میں پھنسے بچوں نےدور سے فوجیو ں کو دیکھا تو کہا کہ ا ب ہم بچ جائیں گے:نگراں وزیر اعظم
ان کا کہنا تھا کہ جب یہ لوگ واپس آتے ہیں تو صرف دولت ہی نہیں پیشہ وارانہ مہارت بھی لاتے ہیں، میرے لیے اہم یہ ہےکہ آپ جہاں بھی ہوں کامیاب ہوں، اگر آپ بیکار ہیں تو اپنے ملک میں ہوں یا کہیں، یہ مسئلہ ہے۔
نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عالمی معیشت اور استحکام میں پاکستان نے اہم کردار ادا کیا ہے، اگر پاکستان دس سال تک روس کے خلاف نہ لڑتا تو آج 30 ہزار ارب ڈالرکی سرمایہ دارانہ معیشت نہ ہوتی۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی حکومت کی مدت کی عدم تکمیل غیر جمہوری نہیں، گزشتہ 15 سال میں 3 منتخب پارلیمان نے اپنی مدت مکمل کی، جمہوریت میں حکومت پارلیمنٹ اور آئین کے ذریعے ہی تبدیل ہوتی ہے۔