ایک گھنٹے میں 29 بلوں کی 24 رکنی اسمبلی سے منظوری جمہوریت نہیں مجبوریت ہے:شیخ رشید

شیخ رشید

سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار کا نگران وزیراعظم کا لانچنگ پیڈ ابھی تک فضا ء میں نہیں چھوڑا جاسکا، کیونکہ اس میں فیول ابھی پوری طرح بھرا نہیں جا سکا ہے ۔

سابق وزیر داخلہ نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ شہباز شریف وکٹ کے دونوں طرف کھیلنا چاہتے ہیں ، وہ یہ سمجھتے ہیں کہ نگران حکومت انکی قائم مقام حکومت ہو لیکن ایسا نہیں ہو سکے گا ، ایک گھنٹے میں 29 بلوں کی 24 رکنی اسمبلی سے منظوری جمہوریت نہیں مجبوریت ہے۔

شیخ رشید نے ٹویٹ میں لکھا کہ سیاست یکم اگست سے فیصلہ کن مراحل میں داخل ہو جائے گی ، عدلیہ آئین اور قانون کیمطابق اہم فیصلے دے سکتی ہے ، عدلیہ کے فیصلوں کی نہ صرف تضحیک کی جا رہی ہے بلکہ اسکو ماننے سے انکار کیا جا رہا ہے ۔

سیاسی اندھے رشتے داروں میں ریوڑیاں بانٹنا چاہتے ہیں: شیخ رشید

شیخ رشید نے کہا کہ آرٹیکل 224 اور 230 میں ترمیم آئین سے کھلا تصادم ہے ، عدلیہ اسکا نوٹس لےسکتی ہے ، عدلیہ کو اس پر خاموش تماشائی نہیں بنے رہنا چاہیے ، صرف چادر اور چار دیواری کی نیست ونابود نہیں کیا گیا بلکہ حاملہ عورتوں کو بھی گھروں سے اٹھا کر لاپتہ کیا گیا ۔

پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دورہے لوگ اپنی عزت کو بچانے کیلئے خاموش تو ہو سکتے ہیں لیکن وقت آنے پر الیکشن میں اس کا سود سمیت ادھار اتار دیں گے۔