اوپن مارکیٹ ریٹس

ہمیں فالو کریں

843,432FansLike
9,979FollowersFollow
561,200FollowersFollow
181,482SubscribersSubscribe

سانحہ ساہیوال؛ جے آئی ٹی میں ذیشان دہشتگرد ثابت ہوگا، ایڈیشنل ہوم سیکریٹری

اسلام آباد: محکمہ داخلہ پنجاب کے حکام نے سینیٹ کمیٹی کو بریفنگ میں بتایا ہے کہ سانحہ ساہیوال کی جے آئی ٹی رپورٹ میں ذیشان دہشتگرد ثابت ہوگا۔اسلام آباد میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کا اجلاس ہوا جس میں ایڈیشنل ہوم سیکریٹری فضیل اصغر نے ساہیوال واقعے پر بریفنگ دی۔ایڈیشنل ہوم سیکریٹری پنجاب فضیل اصغر نے جے آئی ٹی رپورٹ کا نتیجہ کمیٹی کے سامنے رکھتے ہوئے کہا کہ رپورٹ ابھی تک مکمل نہیں ہوئی، تاہم یہ واضح ہے کہ خلیل اور اس کی فیملی بے گناہ تھی، مجھے معلوم ہے جے آئی ٹی کی رپورٹ کیا آئے گی، ذیشان دہشتگرد ثابت ہوگا اور باقی لوگوں کو بے گناہ قرار دیا جائے گا، آپریشن کے کنڈکٹ کو غلط قرار دیا جائے گا جب کہ آپریشن کے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی تجویز کی جائے گی۔ایڈیشنل ہوم سیکرٹری فضیل اصغر نے کہا کہ ایک بات ثابت شدہ ہے کہ ذیشان کے دہشتگردوں کیساتھ روابط تھے، ذیشان کی عدیل کیساتھ سیلفی اور عدیل کی ذیشان کے گھر آمد دو ثبوت ہیں، ذیشان کی آلٹو گاڑی جو اوپن ٹرانسفر تھی اس کا اصل مالک عدیل تھا، دونوں کے فون اور انکی گفتگو اور میسجز بھی ثبوت ہیں، 13 جنوری کو دونوں کی گاڑیوں نے اکٹھے ساہیوال کا سفر کیا تھا۔تسلیم کرتے ہیں آپریشن کا طریقہ درست نہیں تھا۔ایڈیشنل ہوم سیکرٹری پنجاب نے تسلیم کیا کہ انسداد دہشت گردی کارروائی کا طریقہ درست نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ خدشات کے باوجود یہ تسلیم کرتے ہیں کہ غلط کیا گیا،اہلکاروں کو دیکھنا چاہیئے تھا کار کے اندر کون بیٹھا ہے، اگر بچے ہیں تو کسی منزل پر پہنچ کر دیکھتے، اس واقعہ میں ساہیوال ریجن کے ڈی ایس پی اور ایس پی چین آف کمانڈ میں آتے ہیں، سی ٹی ڈی آئی جی کے انچارج ہیں، ایک سب انسپکٹر اور پانچ کانسٹیبل گرفتار ہیں، جے آئی ٹی رپورٹ کی روشنی میں ان کے خلاف کارروائی ہو گی، انہیں کس نے فائرنگ کے احکامات دیے۔سینیٹ کمیٹی کے ارکان نے گاڑی میں خودکش جیکٹ کی موجودگی کا دعوی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بریفنگ سے تشویش میں اضافہ ہوا ہے، فائرنگ کرنے والوں کو گاڑی میں خودکش جیکٹ کی موجودگی کا خدشہ ہوتا تو کبھی چار فٹ سے گولیاں کبھی نہ چلاتے بلکہ پچاس فٹ دور رہتے، ڈگی سے بیگ بغیر چیکنگ کے نکال کر لے گئے، 13 سال کی بچی کو براہ راست گولیاں ماریں کیا اندھے تھے۔کمیٹی کے چیئرمین مصطفی نواز کھوکھر نے جے آئی ٹی کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حکومت فوری طور پر جوڈیشل کمیشن بنائے، اگر پنجاب حکومت تحقیقات میں سنجیدہ تھی تو انکوائری کے ٹی او آر ہوتے، یہ سن کر حیرانی ہوئی کہ پنجاب حکومت نے جے آئی ٹی کی شرائط طے نہیں کیں۔سینیٹر بیرسٹر سیف نے کہا کہ اگر آپ کا مقصد صرف مارنا تھا تو اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ کلنگ اسکواڈ بنے ہوئے ہیں، آپ کہہ رہے ہیں کہ روزانہ دہشتگردوں کو مارتے ہیں، پتہ نہیں وہ کیسے دہشتگرد مارتا تھا جن کی طرف سے ایک فائر بھی نہیں ہوتا تھا۔سینیٹر عثمان کاکڑ نے سی ٹی ڈی کے اب تک کیے گئے تمام آپریشنز پر پارلیمانی کمیشن قائم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار ریاستی ادارے میں رہتے ہوئے دہشت گرد تھا، ریاست نے اس کے خلاف کیوں کاروائی نہیں کی، سابق چیف جسٹس ثاقب نثار بھی اس کے سامنے بے بس تھے، اس کے خلاف کارروائی ہوتی تو ساہیوال کا واقعہ رونما نہ ہوتا، اگر ہم نرمی بھی دکھائیں تو اس معاملے پر کم از کم جوڈیشل کمیشن بننا چاہیے۔