اوپن مارکیٹ ریٹس

ہمیں فالو کریں

842,255FansLike
9,977FollowersFollow
560,700FollowersFollow
181,482SubscribersSubscribe

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ کابینہ کا اجلاس، اہم فیصلے

کراچی (عباس ممتاز) وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اہم اجلاس ہوا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نےوفاقی حکومت سے خوب گلے شکوے کیے۔ کہا کہ وفاقی حکومت نے رواں مالی سال کے ساڑھے 9 ماہ کے دوران526بلین روپے کے شیئرزمیں سے 406 بلین روپے منتقل کیے ہیں اس طرح 119بلین روپے کا شاٹ فال ہے اور اس سے صوبائی حکومت کے ترقیاتی کام بُری طرح سے متاثر ہورہے ہیں ۔ سید مراد علی شاہ نے امید ظاہر کی کہ آئندہ مہینوں میں وفاقی ریونیو کی منتقلی بہتر ہوگی۔ بصورت دیگر صوبہ صوبائی حکومت کی تنخواہوں کے اخراجات بھی پورا کرنے کے قابل نہیں ہوگا۔

معاوضوں کی منظوری:22 مارچ 2019 ء کو مفتی تقی عثمانی پر ہونے والے حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والے پولیس کانسٹیبل فاروق کے خاندان کے لیے دو نوکریاں ایک پلاٹ اور 10 ملین روپے کی گرانٹ کی منظوری دینے کے علاوہ تین محنت کشوں60 سالہ وحید گل، 41سالہ رئیس خان اور 36 سالہ ارباب گل جنہیں نوڈیرو ضلع لاڑکانہ میں 13 فروری 2019 ء کو فائرنگ کرکے قتل کردیاگیاتھا ان کے قانونی ورثا کے لیے 55, لاکھ روپے فی کس معاوضہ دینے کی  بھی منظوری دی۔

تھر کول سے متاثرہ خاندانوں کی بحالی: کابینہ نے تھرکول فیلڈ بلاک ٹو کے 471 متاثرہ خاندانوں اور گورنائو پروجیکٹ کے 757 خاندانوں کے لیے ایک لاکھ روپے فی خاندان سالانہ کے حساب سے 77.5 ملین روپے کی بھی منظوری دی۔ حکومت نے 900 ملین روپے مختص کیے ہیں اور بقایا رقم 822.5 ملین روپے آئندہ اقساط میں جاری کیے جائیں گے۔

سرکاری ملازمین کے متعلق فیصلے: کابینہ نے آل پاکستان کلرک ایسوسی ایشن(ایپکا) کے ٹائم اسکیل اور کمپیوٹرآپریٹر ، ڈیٹاانٹری آپریٹر اور ڈیٹا پروسیسنگ آپریٹر کے اپ گریڈیشن کے کیسز کو اٹھایا۔ ایپکا کے مطالبے کے مطابق کیشیئر ، اکائونٹس کلرک،شاپ اسسٹنٹ،کیٹالوگرز، ریکارڈ کیپر،اسٹور کیپر، جونیئر کلرک، سینئر کلرک، اسسٹنٹ، سپرنٹنڈنٹس اور کیٹیگری ۔ II اکائونٹس آفیسرز،اسسٹنٹ اکائونٹ آفیسرز کو 5 سال ملازمت کی تکمیل اورپھر 10 سال اور 15 سال اور پھر 20 سال ملازمت کی تکمیل پر ہائیرگریڈ دیاجاسکتا ہے۔ کابینہ نے ان آئیسولیٹڈ پوزیشن کی اپ گریڈیشن کی منظوری دی ۔اسی طرح کمپیوٹر آپریٹر، ڈیٹا پروسینگ آپریٹر اور ڈیٹا انٹری آپریٹر کی اپ گریڈیشن کی بھی کابینہ کو درخواست دی گئی ۔ کابینہ نے محکمہ اسکول ایجوکیشن کے لوئر اسٹاف گریڈ 1 تا گریڈ 4 کے ٹائم اسکیل کا معاملہ بھی ریفر کیا۔ کابینہ نے اس پر مزید کارروائی کے لیے اس معاملے کو کابینہ کمیٹی کی جانب ریفر کیا۔ کابینہ کمیٹی تمام اپ گریڈیشن اور ٹائم اسکیل کیسز کا جائزہ لے گی اور کابینہ میں غور کے لیے ایک ماہ کے اندراپنی سفارشات پیش کرے گی۔

گنے کی قیمت: محکمہ زراعت کی درخواست پرسندھ کابینہ نے کرشنگ سیزن19-2018 ء کے لیے گنے کی کم از کم خرید کی قیمت 182 روپے فی 40 کلوگرام کی منظوری دی۔ گنے کاسیزن نومبر سے شروع ہوگا۔

اختیارات کی تفویض: محکمہ انرجی نے کابینہ میں ایک کیس پیش کیا اور کہا کہ اس کے سات ملحقہ محکمے ہیں جن میں ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرک پاور ، ڈائریکٹوریٹ آف آئل اینڈ گیس، ڈائریکٹوریٹ آف متبادل انرجی، سندھ کول اتھارٹی، ڈائریکٹوریٹ آف کول مائنز، ڈائریکٹوریٹ آف کول انرجی ڈیولپمنٹ اور انسپیکٹوریٹ آف مائنزسمیت دیگر شامل ہیں۔

اجلاس میں سندھ ایڈوائزر ایکٹ 2003 میں ترمیم کی منظوری دی گئی جس کے تحت وزیر اعلیٰ آرٹیکل 130 کی کلاز 2 کے تحت خود 5 مشیر تعینات کر سکتا ہے۔ کابینہ نے ترمیم کی منظوری دے کر ترمیمی بل سندھ اسمبلی کو بھیج دیا۔

اجلاس میں اقلیتوں اور ان کی آخری رسومات کے لیے زمین کی نشاندہی کے لیے کمیٹی قائم کردی گئی جس میں وزیر ریونیو، وزیر بلدیات، وزیر ایکسائز اور چیف سیکریٹری کو شامل کیا گیا ہے۔