اوپن مارکیٹ ریٹس

ہمیں فالو کریں

836,651FansLike
9,977FollowersFollow
559,500FollowersFollow
169,527SubscribersSubscribe

جنوبی افریقہ اور پاکستان کے درمیان تیسرا میچ ٹائی،سیریز بھی 1-1 سے برابر

آئی سی سی ویمنز ون ڈے چیمپئن شپ میں جنوبی افریقہ اور پاکستان کے درمیان تیسرا میچ ٹائی ہوجانے سے سیریز بھی 1-1 سے برابری پر تمام ہوگئی،گرین شرٹس نے آغاز میں قدم ڈگمگانے کے باوجود 9 وکٹ پر 265 رنز جوڑ کر میچ ٹائی کردیا، اختتامی اوور میں نشرح سندھو نے پانچویں گیند پر چھکا جڑکر ٹیم کو فتح کے قریب کیا لیکن اختتامی گیند پر درکار 2 رنز کی بجائے صرف ایک رن بن سکا، جس پر اسکور برابر ہوگیا، ٹاپ آرڈر میں سدرہ امین (4)، ناہیدہ خان (19) اور بسمہ معروف (3) 37 کے ٹوٹل پر میدان بدر ہوچکی تھی ایسے میں پاکستانی ٹیم کیلیے بڑے ہدف تک رسائی بظاہر مشکل دکھائی دینے لگی لیکن ون ڈاؤن جویریہ خان نے ذمے داری سنبھالی، انھوں نے 103 گیندوں پر 74 کی اننگز کھیل کر اسکور بورڈ کو متحرک رکھا، ندا ڈار 27 رنز بناکر ان کا ساتھ دیکر ٹوٹل کو 91 تک پہنچانے میں کامیاب ہوئیں، جویریہ کو عالیہ ریاض نے جوائن کرلیا، ان کے درمیان پانچویں وکٹ کیلیے 74 رنز کی ساجھے داری قائم ہوئی۔165کے ٹوٹل پر جویریہ کو پویلین رخصت ہونا پڑگیا، عالیہ ریاض 71رنز بنا کر نمایاں رہیں،عمیمہ سہیل اور ثنا میر نے یکساں طور پر 16،16 رنز بناکر عالیہ کی سنگت میں ٹوٹل کو آگے بڑھایا، ایمان انور 3 کے انفرادی اسکور پر رن آؤٹ ہوگئیں، نشری سندھو 7 جبکہ سدرہ نواز 6 پر ناٹ آؤٹ رہیں، پروٹیز بولر نے 19 رنز ایکسٹراز میں دیے، اس میں 17 وائیڈز شامل رہیں، مسابتا کیلاس نے 3 جبکہ میریزین کاپ نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا۔

اس سے قبل پاکستانی کپتان بسمہ معروف نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا، میزبان جنوبی افریقہ نے پہلے کھیل کر مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹ کھوکر 265رنز اسکورکیے، اوپنرز لیزل لی اور لیورا وولوارڈ نے نصف سنچریاں بناکر ٹیم کو مستحکم بنیاد فراہم کی۔ان کے درمیان قائم ہونے والی 75 رنز کی شراکت کا خاتمہ عالیہ ریاض نے کیا، لیزل لی 57 کی اننگز کھیلنے کے عبد وکٹ کیپر سدرہ نواز کا کیچ بنیں، ون ڈاؤن اینڈری اسٹین 9 رنز کی مہمان ثابت ہوئیں ، تاہم لیورا اور کپتان سون لوس نے تیسری وکٹ کی ساجھے داری میں اسکور کو 150 تک پہنچادیا، اس موقع پر لیورا 56 کے انفرادی اسکور پر ایمان انور کی گیند پر عمیمہ سہیل کو کیچ دیکر پویلین رخصت ہوگئیں، سون لوس نے 84 گیندوں پر 80 کی بھرپور اننگز کھیلی، شول ٹائرون 28 اور میریزون ڈو پریز15 رنز بناکر نمایاں رہیں، میریزین کاپ 10 اور سینولا جافتا 3 پر ناٹ آؤٹ رہیں، عالیہ ریاض نے 49 رنز کے عوض 2 وکٹیںاپنے نام کیں جبکہ ایک ایک پلیئر کو ندا ڈار، ایمان انور اور ثنا میر نے ٹھکانے لگایا۔

سیریز برابرہوجانے کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر پاکستانی ٹیم 15 پوائنٹس جوڑ کر پانچویں پوزیشن پر آگئی۔