اوپن مارکیٹ ریٹس

ہمیں فالو کریں

810,173FansLike
9,937FollowersFollow
553,900FollowersFollow
169,527SubscribersSubscribe

افریقی پارک سے14 شیرمبینہ طورپر فرار

جنوبی افریقہ کے کروگر نیشنل پارک سے مبینہ طور پر 14 شیروں کے فرار کے بعد حکام نے نزدیکی آبادیوں کے رہائشیوں کو انتہائی محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔اے ایف پی کے مطابق شیروں کے جھنڈ کو پارک کے مغربی کنارے پر واقع پھالا بوروا نامی قصبے کے نزدیک واقع فاسفیٹ کی ایک کان کے نزدیک مٹر گشت کرتے دیکھا گیا ہے۔یہ علاقہ جنوبی افریقہ کے صوبے لمپوپو کی حدود میں آتا ہے جہاں کی حکومت نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ شیروں کا یہ جھنڈ کروگر نیشنل پارک سے فرار ہوا ہے۔ لیکن پارک انتظامیہ نے اس کی تردید کی ہے۔پارک سے متصل قصبے کے نزدیک شیروں کے گشت نے حکام کے ساتھ ساتھ مقامی آبادی کی نیندیں بھی اڑا دی ہیں اور صوبائی حکومت نے درجنوں رینجرز کو شیروں کو پکڑنے کے لیے علاقے میں تعینات کردیا ہے۔صوبائی محکمۂ سیاحت نے کہا ہے کہ حکام اور پارک انتظامیہ نے اتفاق کیا ہے کہ ان شیروں کو پکڑ کر کروگر نیشنل پارک میں ہی چھوڑا جائے گا۔لیکن پارک انتظامیہ کے ایک ترجمان نے اس تاثر کی نفی کی ہے کہ شیر پارک سے فرار ہوئے ہیں اور کہا ہے کہ پارک کے باہر موجود تمام جانور صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہیں اور اسے خود ہی ان سے نبٹنا چاہیے۔ترجمان نے کہا ہے کہ اگر ان شیروں کو پارک میں چھوڑا بھی گیا تو قوی امکان ہے کہ یہ وہاں سے فرار ہوجائیں گے کیوں کہ پارک میں پہلے سے موجود شیر ان کی موجودگی برداشت نہیں کریں گے اور انہیں ڈرا دھمکا کر وہاں سے بھاگنے پر مجبور کرتے رہیں گے۔تاحال یہ واضح نہیں ہے کہ شیر کب اور کہاں سے فرار ہوئے اور کتنے عرصے سے اسی طرح آزادانہ گھوم رہے ہیں۔