اوپن مارکیٹ ریٹس

ہمیں فالو کریں

809,663FansLike
9,937FollowersFollow
553,900FollowersFollow
169,527SubscribersSubscribe

پاکستانی بیٹسمینوں نے عامر کی بولنگ پر پانی پھیردیا

ٹاؤنٹن کے کاؤنٹی کرکٹ گراؤنڈ میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور کہا کہ پچ پر گھاس اور نمی کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔سرفراز کی منصوبہ بندی کے برعکس آسٹریلیا کو ڈیوڈ وارنر اور ایرون فنچ نے بہترین آغاز فراہم کیا اور دونوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 146 رنز بنائے۔ ایرون فنچ کو محمد عامر نے شکار کرکے پاکستان کو پہلی وکٹ دلائی۔اس دوران پاکستان کی فیلڈنگ انتہائی ناقص رہی اور کئی کیچ ڈراپ کرنے کے ساتھ ساتھ کئی مواقع پر مِس فیلڈنگ کا بھی مظاہرہ دیکھنے کو ملا۔آسٹریلیا کی دوسری وکٹ 29 ویں اوور میں 189 رنز پر گری۔ اس موقع پر ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ آسٹریلیا باآسانی 350 رنز بنا لے گا لیکن پاکستانی بولرز اور فیلڈرز کا رویہ یکسر تبدیل ہوا اور پاکستان میچ میں واپس آتا دکھائی دیا۔ 42 ویں اوورز میں آسٹریلیا کا اسکور 5 وکٹوں کے نقصان پر 288 تھا مگر پاکستانی بولرز نے آخری سات اوورز میں صرف 19 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں اور دفاعی چیمپیئن کو 307 رنز پر آؤٹ کر دیا۔

پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور امام الحق نے کیا۔ صرف دو کے مجموعی اسکور پر فخر زمان غیر ذمہ دارانہ اسٹروک کھیلتے ہوئے باؤنڈری پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ وہ کوئی رن نہ بناسکے۔دوسری وکٹ پر بابر اعظم اور امام الحق نے اسکور 56 تک پہنچایا، اس موقع پر بابر اعظم 30 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد محمد حفیظ امام الحق کا ساتھ دینے آئے اور دونوں نے اسکور 136 پر پہنچادیا۔ اس موقع پر امام الحق 75 گیندوں پر 53 رنز بناکر کمنز کا شکار بن گئے۔ مجموعی اسکور میں 10 رنز کے اضافے کے بعد محمد حفیظ بھی 46 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوگئے۔147 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کی پانچویں وکٹ گری جب شعیب ملک بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔ 160 کے اسکور پر آصف علی صرف 5 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔اس موقع پر حسن علی نے جارحانہ بیٹنگ کی اور 15 گیندوں پر 3 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 32 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔اس کے بعد وہاب ریاض کریز پر آئے اور اپنی دھواں دار بیٹنگ سے پاکستان کو میچ میں واپس لے آئے تاہم وہ میچ فنش نہ کرسکے اور 39 گیندوں پر 3 چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 45 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔مچل اسٹارک کی یارکر پر محمد عامر بھی بولڈ ہوگئے۔ وہ کوئی رن نہ بناسکے۔ آخری بیٹسمین شاہین شاہ آفریدی تھے جو کریز پر آئے۔ین رچرڈسن نے شاہین آفریدی کو 3 گیندیں مس کرائیں، چوتھی گیند پر شاہین آفریدی نے ہلکا اسٹروک کھیلا جس پر سرفراز نے رن لینے کی کوشش کی اور دوسرے اینڈ پر رن آؤٹ ہوگئے۔سرفراز احمد نے 48 گیندوں ایک چوکے کی مدد سے 40 رنز بنائے۔یوں پاکستان کی پوری ٹیم 45.4 اوورز میں 266 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور آسٹریلیا یہ میچ 41 رنز سے جیت گیا۔آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز نے 3، مچل اسٹارک اور کین رچرڈسن نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔