سانحہ ساہیوال: وزیراعظم پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ پر برہم، ملزمان کے خلاف اپیل دائر کرنے کا حکم

وزیراعظم نے پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے ملزمان کے خلاف اپیل دائر کرنے کا حکم جاری کردیا جس کے بعد سانحہ ساہیوال پر اپیل دائر کرنے کے لیے وفاق نے چیف سیکریٹری پنجاب کو تحریری ہدایت دے دی ہے۔
وزیر اعظم کے حکم پر اعلیٰ سطح کی کمیٹی انویسٹی گیشن اور پراسیکیوشن کی خامیوں کی تحقیقات کرے گی، کمیٹی حکومتی اداروں کی ان خامیوں کی نشاندہی کرے گی جن سے ملزمان کو فائدہ پہنچا۔
یہ کمیٹی 3 دن کے اندر سفارشات وزیراعظم آفس میں جمع کرائے گی، وزیر اعظم نے اس کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں متاثرین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کا حکم جاری کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے کہا ہے کہ ٹھوس شواہد کی بنیاد پر ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لانے کا کیس تیار کیا جائے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے سانحہ ساہیوال میں 6 سیکیورٹی اہلکاروں کے بری ہونے پر شدید تحفظات کا اظہارکیا تھا کیوں کہ حیران کن طور پر عدالتی فیصلے کے مطابق پراسیکیوشن کیس کو ثابت کرنے میں مکمل ناکام رہی۔