پاک فوج کا شوال آپریشن کامیابی سے مکمل کرنے کا اعلان

آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا شمالی وزیرستان کا دورہ، آپریشن ضرب کے آخری مرحلے پر بریفنگ دی گئی۔
راولپنڈی: آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے شمالی وزیرستان کا دورہ کیا جہاں انھیں آپریشن ضرب کے آخری مرحلے پر بریفنگ دی گئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کمانڈرز نے آپریشن سے حاصل ہونے والے اب تک کے مقاصد سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ آخری مرحلے کے دوران اب تک 800 مربع کلومیٹر کا علاقہ کلیئر کرلیا گیا ہے۔ اس موقع پر آرمی چیف نے شوال میں دہشت گردوں کیخلاف بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے علاقے میں حاصل کامیابیوں کو مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ فاٹا سے باہر بڑے پیمانے پر کومبنگ آپریشن شروع کیا جائے اور دہشت گردوں اور سہولت کاروں کا گٹھ جوڑ ختم کیا جائے۔ جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم فوج کے جوانوں اور افسروں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور پاک فوج کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے۔ اُدھر سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج کی جانب سے شوال میں آپریشن ضرب عضب کامیابی سے مکمل ہونے کے بعد علاقے میں کومبنگ آپریشن فوری طور پر شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ فاٹا سے باہر دہشتگردوں اور ان کے معاون کاروں کے خلاف بھی کومبنگ آپریشن کیا جائے گا۔ کومبنگ آپریشن جہاں بھی ہو گا بڑے پیمانے پر ہو گا۔ دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر پورے علاقے کی جامع تلاشی لی جائے گی اس کے بعد علاقہ کلیئر قرار دیا جائے گا۔

جواب دیں

Please enter your comment!
Please enter your name here

44 + = 46