کھاریاں (گل بخشالوی) اسلامی جمہوریہ پاکستان میں جنرل الیکشن سے متعلق تجزیہ نگار لکھتے ہیں کہ پاکستان میں عام انتخابات کے انعقاد میں صرف تین ہفتے باقی رہ گئے ہیں لیکن ماضی کے برعکس اس مرتبہ ملک کے سڑکوں، چوراہوں، شاہراہوں پر جگہ جگہ سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کے بینرز اور پوسٹرز کچھ کم لگے دکھائی دے رہے ہیں۔
پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر بھی اشتہارات کی صورت میں کوئی گہما گہمی نظر نہیں آ رہی ہے، ماضی کے انتخابات کے وقت کو یاد کریں تو الیکٹرانک میڈیا اور اخبارات میں اشتہاروں میں کہیں بلے کا زور تھا، کہیں شیر دھاڑ رہا تھا تو کبھی تیر کا نشانہ مگر اس بار نہ کوئی اشتہارات کی بھرمار ہے اور نہ ہی جلسے، جلوس پاکستان میں تقریباً تمام ہی چھوٹی، بڑی سیاسی جماعتیں اور آزاد امیدوار انتخابی مہم کی تیاریوں کا دعویٰ تو کر رہے ہیں لیکن جلسوں سمیت سیاسی سرگرمیوں میں کوئی جان نظر نہیں آرہی ہے۔ اس کی بڑی وجہ پولیس کی چا بکدستی ہے۔
جنرل الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور (ق) کو انتخابی مہم میں جلسوں اور جلوسوں کی آزادی حاصل ہے جبکہ دوسری جماعتوں کے علم برداروں کو اپنے انجام کا علم ہے، تحریک انصاف کا ووٹر اور سپورٹر خاموش ہے اس لئے جلسہ یا کارنر میٹنگ تو درکنار اگر وہ زبان بھی کھولیں گے تو ان کے خلاف مقدمات درج ہوں گے۔
کھاریاں سب ڈویژن کی دو قومی اور چار صوبائی نشستوں کے لئے، پاکستان مسلم لیگ (ن)، پاکستان مسلم لیگ (ق)، پاکستان پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی کے مقابلے میں تحریک انصاف کے امیدوار آزاد کھڑے ہیں۔
سپریم کورٹ نے تحریک انصاف سے انتخابی نشان چھین کر انتخابی اکھاڑے سے باہر بٹھا دیا ہے۔
کھاریاں سب ڈویژن کے دو قومی اور چار صوبائی نشستوں پر کوٹلہ برادرز کے پانچ بھائی مد مقابل ہیں۔ قابل ذکر حلقہ انتخاب PP-28 ہے اس حلقہ انتخاب میں کوٹلہ برادرز میں تین بھائی ایک دوسرے کے مد مقابل ہیں، 8 فروری کو او نٹ کس کروٹ بیٹھے گا اس کا تو علم نہیں لیکن مقابلہ بڑا دلچسپ ہو گا !
سب ڈویژن کھاریاں کے قومی اور صوبائی حلقوں مقابلہ، مسلم لیگ ن، مسلم لیگ اور تحریکِ انصاف کے امید واروں میں ہو گا یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ کس کا پلڑہ بھاری ہے کیونکہ آج کا ووٹر بہت گہرا ہے۔
مساجد میں نمازی کم ہیں لیکن جنازہ گاہیں اور دعائیہ محافل کو چار چاند لگے ہیں، خوش بخت ہیں وہ غریب، جو آج کل انتقال کر رہے ہیں، غریب مرحومین کی نمازہ جنازہ میں حلقہ انتخاب کے امیدوار فوٹو سیشن کے لئے اداس چہرے لئے پہلی صف میں کھڑے نظر آتے ہیں، لیکن یہ تو چند دنوں کی چاندنی اور پھر اندھیری رات ہے، 8 فروری کے بعد ہارنے اور جیتنے والے موقع پرست ایسے غائب ہو جائیں گے جیسے گھوڑے کے سر سے سینگ۔
گل بخشالوی
چیف ایڈیٹر کھاریاں گزٹ