پاکستانی فلمسٹار، اداکار و میزبان فیصل قریشی سانگھڑ میں وڈیرے کے ظلم کا شکار ہونے والے اونٹ اور اس کے غریب مالک کے لیے افسوس کا اظہار کرنے والے پاکستانیوں پر برس پڑے۔
اداکار نے انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا کہ ”اور پھر مغربی میڈیا سے پتہ چلا کہ ایک اونٹ کی ٹانگ ہزاروں فلسطینی بچوں کی گردنوں سے افضل ہے“۔
فیصل قریشی نے ان لوگوں کے لیے افسوس کا اظہار کیا جو کہ سوشل میڈیا پر اونٹ کی ٹانگ کاٹنے والے وڈیرے کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ عید سے 2 روز قبل سندھ کے علاقے سانگھڑ میں ایک وڈیرے نے ساتھیوں کے ساتھ ملکر کھیتوں میں گھسنے والے اونٹ کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد اس کی ٹانگ کاٹ دی۔
اونٹ کا مالک غریب کسان اونٹ کی کٹی ہوئی ٹانگ لے کر سانگھڑ پریس کلب کے باہر پہنچا جس کی ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی اور پاکستانیوں کی بڑی تعداد وڈیرے کے اس ظلم کے خلاف غریب کسان کے لیے انصاف کے اپیل کرتے ہوئے نظر آئی۔
ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پیپلز پارٹی کی صدر ویمن ونگ فریال تالپور نے ہدایت کرتے ہوئے اونٹ کو کراچی منتقل کرنے کا حکم دیا، جس کے بعد زخمی اونٹ کو علاج کے لیے کراچی منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اونٹ کو مصنوعی ٹانگ بھی لگائی جائے گی۔