پنجاب کے بعد سندھ کے مختلف شہروں میں بھی بارش کے باعث گرمی کی شدت میں کمی آگئی۔
سکھر، لاڑکانہ اور میہڑ میں موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقوں میں گھروں میں پانی داخل ہو گیا اور سیپکو کے 70 سے زائد فیڈر فیل ہو گئے جس سے علاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔
ادھر محکمہ موسمیات نے سندھ میں بارش کا سلسلہ اتوار تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔
دوسری جانب پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش جاری ہے جہاں فیصل آباد میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک نوجوان جاں بحق اور دو زخمی ہو گئے جن کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
اسکے علاوہ تیز ہوا اور بارش کے باعث کمالیہ میں متعدد سائن بورڈ اور درخت گر گئے ہیں، گوجرانوالہ میں بجلی کی متعدد لائنیں گر گئیں، لاہور، پاکپتن، لودھراں اور بہاولپور سمیت دیگر شہروں میں موسم مزید خوشگوار ہوگیا۔
اس کے علاوہ سبی اور ہرنائی سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی، خوشاب میں بارش کے دوران چھتیں اور دیواریں گرنے سے 5 بچوں سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے جب کہ مینگورہ ٹاؤن اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش بھی ہوئی۔