اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ حکومت سوشل میڈیا کو ریگولیٹ کرنے کے لیے جس طرح کی قانون سازی چاہتی ہے عدلیہ اسے منظور کرے۔
نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ وہ معزز جج صاحبان سے اپیل کریں گے کہ وہ سوشل میڈیا کو اہمیت نہ دیا کریں۔
مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا کہ حکومت سوشل میڈیا کو ریگولیٹ کرنے کے لیے جس طرح کی قانون سازی چاہتی ہے عدلیہ اسے منظور ہونے دے۔
رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ اس وقت سوشل میڈیا سے متعلق جو قوانین موجود ہیں ان میں اتنا دم نہیں ہے۔
دوسری جانب الیکشن ٹربیونل نے 8 فروری کے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے کیس میں جواب جمع نہ کروانے پر مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی طارق فضل چوہدری اور راجہ خرم نواز پر جرمانہ عائد کردیا ہے۔
جسٹس طارق محمود جہانگیری نے جواب جمع نہ کرانے پر طارق فضل چوہدری اور راجا خرم نواز پر جرمانہ عائد کرتے ہوئے کہا کہ جب ٹربیونل فعال تھا تو آپ نے آرڈر پر عملدرآمد کرنا تھا، معزز جج کا کہنا ہے کہ تینوں پٹیشنز کی روزانہ اور ہر حلقے کی الگ الگ سماعت ہوگی۔