سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں پر سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ آئین ہار گیا جبکہ بیگمات جیت گئیں۔
عظمیٰ بخاری نے ایک بیان میں کہا کہ سوال یہ ہے کہ ایک مخصوص پارٹی سے اتنی محبت کیوں ہے؟ لاڈلے کی محبت ہر چیز پر غالب آجاتی ہے اور یہاں تک کہ اگر وہ ریلیف نہیں بھی مانگتا تو بھی اسے ریلیف دیا جاتا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کسی متاثرہ فریق کو نہیں سنا گیا، جو کیس میں فریق نہیں تھا اسکو ریلیف دیا گیا ہے، عدالتوں کا فیصلہ ری ایکشنری تھا۔
وزیراطلاعات پنجاب نے کہا کہ تحریک انصاف کو کل فائدہ ہوا، جو انہوں نے مانگا ہی نہیں تھا کل وہ انہیں دے دیا گیا، کل نظریہ ضرورت پیش کیا گیا اور لاڈلے کی محبت غالب آگئی لیکن پاکستان کو کافی نقصان ہوا۔
انہوں نے کہا کہ کل محبت کی انتہا ہوگئی اتنی محبت تو سوہنی کو ماہیوال سے بھی نہیں ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے اقلیتی اور مخصوص نشستوں کوپی ٹی آئی کو دینےکا حکم جاری کیا۔