محکمہ موسمیات نے ملک کے چاروں صوبوں میں بارش کی پیشگوئی کردی ہے۔
اسلام آباد، محکمہ موسمیات نے وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے چاروں صوبوں کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کردی ہے۔
محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، سندھ، پنجاب، بلوچستان اور بالائی خیبرپختونخوا کے بعض مقامات پر بارش کی پیشگوئی کی ہے جب کہ گلگت بلتستان اور کشمیر میں آج بارش ہوسکتی ہے۔
ادھر بلوچستان کے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز بارش ہوئی، اتوار کو ژوب اور بلقان میں مون سون کی بارشیں ہوئیں اور رات گئے ہرنائی میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل، شیرانی، لورالائی، کوہلو، جھل مگسی، خضدار، لسبیلہ اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ کچھ دن پہلے طوفانی بارشوں سے ضلع گجرات سمیت صوبہ پنجاب کے متعدد شہروں میں کافی نقصان ہوا جسکے نتیجے میں بجلی کے متعدد پولز گر گئے، کئی شہروں میں بجلی پورا پورا دن بند رہی، کچھ مکانات کی چھتیں بھی گرگئیں۔