پاک فوج کی شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کے مطابق 15جولائی کی صبح 10 دہشتگردوں کے گروپ نے بنوں چھاؤنی پر حملہ کیا۔
سیکورٹی فورسز نے بہادری سے مقابلہ کیا اور دہشت گردوں کی شہر میں داخل ہونے کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی چھاؤنی کی دیوار سے ٹکرائی۔
خودکش دھماکے میں 8 بہادر جوان شہید ہوئے، خودکش دھماکے کے نتیجے میں دیوار کا کچھ حصہ گر گیا، دھماکے میں ملحقہ انفراسٹرکچر کو بھی نقصان پہنچا۔
شہید ہونے والوں میں نائب صوبیدار محمد شہزاد، حوالدار ظل حسین، سپاہی اشفاق حسین خان، سپاہی سبحان مجید، حوالدار شہزاداحمد، سپاہی ارسلان اسلم، سپاہی امتیاز خان اور ایف سی کے لانس نائیک سبز علی شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کا صفایا کرنے کے لیے آپریشن میں سیکیورٹی فورسز نے حصہ لیا اور تمام دس دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ گھناؤنا حملہ حافظ گل بہادر کے گروپ نے کیا۔ حافظ بہادر کا گروپ افغانستان سے کام کرتا ہے۔
ماضی میں یہ گروہ پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے افغانستان کی سرزمین استعمال کرتا رہا ہے۔