اسلام آباد، پاکستان تحریک انصاف نے مخصوص نشستوں کی فہرست میں تبدیلی کا فیصلہ کرتے ہوئے نئے ناموں پر مشاورت شروع کردی ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق پارٹی کو پرانی فہرست میں شامل کچھ ناموں پر تحفظات ہیں، اس لیے ناموں کی تبدیلی کے لیے بات چیت شروع ہو گئی ہے اور بعض نشستوں کے لیے خواتین اور اقلیتی امیدواروں کی فہرست میں بھی تبدیلی کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی قیادت کی مشاورت سے نئے نام شامل کیے جائیں گے اور نظرثانی شدہ فہرست اور نئے نام بانی پی ٹی آئی کو پیش کیے جائیں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے مخصوص نشستوں کے لیے نئی فہرست کی تیاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ نئی فہرست کی حتمی منظوری بانی پی ٹی آئی عمران خان کریں گے۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے تحریک انصاف پر پابندی لگانے کا فیصلہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ کابینہ کی منظوری کے بعد سابق صدر عارف علوی، بانی تحریک انصاف اور سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کے خلاف آرٹیکل 6 کا مقدمہ درج کیا جائے گا، ان تینون اشخاص کیخلاف وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد ریفرنس سپریم کورٹ کو بھیجا جائے گا۔