اسلام آباد ہائی کورٹ نے رہنما پی ٹی آئی صنم جاوید کی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے رہائی کی درخواست نمٹا دی۔
رہنما پی ٹی آئی صنم جاوید کی درخواست کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس گل حسن اورنگزیب نے کی۔
اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ صنم جاوید اب اپنے صوبے جانے کے لیے آزاد ہیں، بلوچستان پولیس راہداری ریمانڈ کی استدعا پریس نہیں کر رہی۔
جسٹس گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ میں نے انٹرنیٹ پر دیکھا ہے کہ صنم جاوید نے انتہائی نازیبا زبان استعمال کی ہے، کیا آپ اس بات کی گارنٹی دیتے ہیں کہ صنم جاوید سے مزید نامناسب گفتگو نہیں ہوگی؟ وکیل میاں علی اشفاق نے کہا کہ صنم جاوید آئندہ نامناسب الفاظ استعمال نہیں کریں گی۔
واضح رہے کہ صنم جاوید کی جیل سے رہا ئی کے بعد اسلام آباد پولیس نے گرفتار کرکے انہیں بلوچستان پولیس کے حوالے کردیا تھا جو انہیں کوئٹہ لے جانا چاہتی تھی لیکن ہائی کورٹ نے انہیں لیجانے سے روک دیا۔