گجرات میں ساون کی پہلی بارش نے گجرات میونسپل کارپوریشن ضلعی انتظامیہ اور عوامی نمائندوں کی شاندار کارکردگی کا پول کھول کر رکھ دیا۔
بارش سے پورا شہر بارشی پانی پر تیرنے لگا شہر تو شہر رہا، میونسپل کارپوریشن کا اپنا آفس بھی پانی میں ڈوب گیا۔
جیل چوک رحمان شہید روڈ پر سینکڑوں کی تعداد میں گاڑیاں پانی میں پھنس گئیں چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن ملک ابرار حسین اور ان کا عملہ پانی کی نکاسی میں بری طرح ناکام ہوگیا۔
شہریوں کو دن بھر شدید مشکلات کا سامنا، گزشتہ روز گجرات اور گردونواح میں مسلسل 2 گھنٹے کی بارش نے ہر طرف جھل تھل کردیا جس کی وجہ سے پورا شہر پانی میں ڈوب گیا۔
بارش سے نشیبی علاقے کئی کئی فٹ تک پانی میں ڈوب گئے، جیل چوک، پرنس چوک، رحمان شہید روڈ، ریلوے روڈ، سرگودھا روڈ ،کچہری چوک گجرات، میونسپل کارپوریشن آفس اور ضلع کچہری کئی کئی فٹ پانی میں ڈوب گئے۔
اس سلسلہ میں گجرات میونسپل کارپوریشن ضلعی انتظامیہ اور عوامی نمائندے بھی خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہے ہیں کئی سالوں سے سیوریج کی درستگی کے لیے کوئی کام نہیں کیا گیا جو کہ لمحہ فکریہ ہے۔