لاہور پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج ہو رہا ہے اور اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے بھرپور احتجاج متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کے اسپیکر ملک محمد احمد خان نے اپوزیشن کی ریکوزیشن پر صوبائی اسمبلی کا اجلاس آج سہ پہر 3 بجے طلب کیا ہے، ملک احمد خان کی صدارت میں ہونیوالے اجلاس میں امن و امان کی صورتحال کو ایجنڈے میں رکھا گیا ہے۔
اپوزیشن کے 11 ارکان کی معطلی کے بعد پنجاب اسمبلی کا یہ پہلا اجلاس ہے اور آج کے اجلاس میں اپوزیشن کی جانب سے شدید احتجاج اور اس کی حکمت عملی بنا لی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف اور سنی اتحاد کونسل اپوزیشن ارکان کی معطلی کے خلاف بھرپور احتجاج ریکارڈ کرانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے اور اس مظاہرے میں 11 معطل اپوزیشن ارکان میں سے بھی حصہ لیں گے۔
تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے دعویٰ کیا کہ ہمارے ایم این ایزپر وفاداریاں تبدیل کرنے کے لیے دباؤ ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے اور انہیں خریدنے کیلئے بہت بڑی آفرز دی جا رہی ہیں۔