راولپنڈی، ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کا کہنا ہے کہ 9 مئی کے منصوبہ سازوں اور سہولتکاروں کو اگر ڈھیل دیں گے تو ملک میں فسطائیت پھیلے گی۔
جی ایچ کیو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ 9 مئی کے بعد انتشاری ٹولے نے پروپیگنڈا شروع کردیا کہ اس المناک واقعے کے دوران فوج نے اُنہیں روکا کیوں نہیں تھا، گولی مار دیتے، گولی نہیں ماری، اس بیانیے کے تحت فوج کے خلاف پروپیگنڈا چلایا گیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ اگر کوئی انتشاری ٹولہ آتا ہے تو اسے سب سے پہلے وارننگ دی جاتی ہے پھر ہوائی فائرنگ کی جاتی ہے، اگر وہ ٹولہ بات نہ مانے تو پھر اسکے ساتھ موقع مناسب کے مطابق سلوک کیا جاتا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے منصوبہ سازوں اور سہولتکاروں کو ڈھیل دیں گے تو ملک میں یہ فسطائیت پھیل جائے گی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا مزید یہ کہنا تھا کہ افواج پاکستان ملک کی سلامتی و بقا کی خاطر ہر محاذ پر بہادری کیساتھ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔