ابوظہبی، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی جانب سے غیر قانونی احتجاجی مظاہروں پر57 بنگلا دیشی شہریوں کو سزائیں سنا دی گئی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ملکی امن و امان کو نقصان پہنچانے کے الزام میں بنگلا دیشی تارکین وطن کو سزائیں سنائی گئی ہیں، سزائیں ابوظہبی کی فیڈرل اپیل کورٹ کی جانب سے اتوار کے روز سنائی گئیں تھیں۔
عدالت نے غیر قانونی مظاہروں کی کال دینے اور اکسانے پر 3 بنگلا دیشیوں کو عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے، مظاہروں میں شرکت کرنے پر 53 بنگلا دیشی شہریوں کو 10 سال قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔
فیڈرل اپیل کورٹ کے مطابق 1 بنگلا دیشی کو ملک میں غیر قانونی داخلے اور مظاہروں میں شرکت کرنے پر 11 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
وفاقی اپیل کورٹ کے مطابق تمام سزا پانے والے ملزمان کی سزائیں مکمل ہونے پر فوری طور پر انہیں ملک بدر کر دیا جائے گا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سزا یافتہ ملزمان نے بنگلا دیشی حکومت کیخلاف جمعرات کو یو اے ای میں مظاہرے کیے تھے۔