راولپنڈی، بانی پی ٹی آئی عمران خان نے جی ایچ کیو کے سامنے احتجاج کی کال دینےکا اعتراف کرلیا ہے۔
اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان کا کہنا تھا کہ 14 مارچ کو میرے گھر زمان پارک میں پولیس پہنچی اور رینجرز نے حملہ کردیا، میرے وکلا نے مجھے یقین دہانی دی تھی کہ ہم شامل تفتیش بھی ہونگے اور گرفتاری بھی دیں گے۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا تھا کہ 18 مارچ کو جوڈیشل کمپلیکس پر پھر پولیس کی جانب سے مجھ پر دھاوا بول دیا گیا، جوڈیشل کمپلیکس کے اندر اور باہر شیلنگ شروع کردی گئی۔
بانی پی ٹی آئی و سابق وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ مجھے اس وقت یہ اندازہ ہوگیا تھا کہ مجھے گرفتار کرلیا جائے گا، اپنی گرفتاری سے بچنے کیلئے جی ایچ کیو کے سامنے پرامن احتجاج کی کال دی تھی۔
دوسری جانب ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ منفی بیانیہ، بڑھتے جھوٹ اور پروپیگنڈے کو دیکھتے ہوئے ہم روٹین سے پریس کانفرنس کریں گے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ اس سال سکیورٹی فورسز نے 22409 انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیے، آپریشنز کے دوران 31 انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی ہلاکت بھی ہوئی، مسلح افواج پاکستان روزانہ کی بنیاد پر 112 آپریشنز انجام دے رہے ہے۔