پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اسلام آباد میں مرکزی سیکرٹریٹ پر چھاپے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ یہ سب کچھ پی ٹی آئی کو کمزور کرنے کے لیے کیا جارہا ہے، ہمیں ٹارگٹ کیا جارہا ہے، اگر یہ لوگ سرچ وارنٹ کے ساتھ آتے تو ہم بھی ان کے ساتھ تعاون کرتے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ یہ کسی بھی کیس کی انکوائری کے لیے نہیں آئے، ہمارے ایم این ایز کے پی اور پنجاب کے ایم پی ایز کے بیان حلفی موجود تھے، اور اس وقت ہمارے 10 افراد زیر حراست ہیں۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ رؤف حسن کی طبیعت خراب تھی اس لیے میں بھی ان کے ساتھ موجود تھا، اسلام آباد پولیس نے کہا آپ کے اوپر کوئی مقدمہ نہیں اس لیے آپ جاسکتے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ حکومت جو بھی آپریشن کرنا چاہتی ہے کرے لیکن سب سے پہلے پارلیمنٹ کو اعتماد میں لے، ہمیں آپریشن عزم استحکام پر ابھی کوئی بریفنگ نہیں ملی۔