پیرس، وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کو پھانسی لگانے کے مطالبے پر عمران خان اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان لڑائی ہوگئی۔
پیرس میں پاکستانی کمیونٹی کے جلسے سے خطاب میں رانا ثنااللہ نے کہا کہ عمران خان کی سوچ جمہوری نہیں بلکہ فسادی ہے۔
رانا ثناءاللہ کا کہنا ہے کہ عمران خان اسٹیبلشمنٹ کے راج دلارے تھے لیکن جب بانی پی ٹی آئی نے اپوزیشن کو پھانسی لگانے کا مطالبہ کیا تو پھر عمران خان اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان اختلافات پیدا ہوگئے کیونکہ اسٹیبلشمنٹ اس حد تک جانے کا ارادہ نہیں رکھتی تھی۔
مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت میں آئی تو شہباز شریف اور بلاول بھٹو نے ایک ساتھ چلنے کی پیشکش کی، جسے عمران خان نے یہ کہہ کر صاف انکار کردیا کہ میں اپوزیشن کو جیلوں میں ڈالوں گا۔
رانا ثناءاللہ نے مزید کہا کہ عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد آئین و قانون کے مطابق تھی، بانی پی ٹی آئی مقابلے کی بجائے استعفے دے کر بھاگ گئے۔
رانا ثنااللہ نے پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک میں بسنے والے پاکستانیوں سے اپیل ہے کہ وہ ڈیجیٹل دہشتگردی سے نمٹنے میں پاکستان کی مدد کریں۔