لاہور، پاکستانی پولٹری ایسوسی ایشن کی جانب سےصوبہ پنجاب سے مرغی کی نقل و حرکت پر عائد پابندی کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیاگیا ہے۔
پولٹری ایسوسی ایشن کیجانب سے دائر کردہ درخواست میں یہ موقف اپنایا گیا ہے کہ پنجاب سے مرغی دوسرے صوبوں میں نہیں جانے دی جا رہی، چکن کی 80 فیصد پیداوار پنجاب میں ہوتی ہے، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں مرغی کی قیمت بہت زیادہ بڑھ چکی ہے۔
درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پنجاب سے چکن کی نقل و حرکت پر عائد پابندی کی وجہ سے مرغی کا کاروبار کرنے والوں کو نقصان ہو رہا ہے، صوبوں کے مسائل کو دیکھنا وفاقی حکومت کی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔
پاکستانی پولٹری ایسوسی ایشن کی جانب سے ہائیکورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ پنجاب سے چکن کی نقل و حرکت پر عائد پابندی کو کالعدم قرار دیا جائے۔
واضح رہے کہ پنجاب میں حالیہ دنوں میں چکن کا ریٹ بہت زیادہ ہوگیا تھا، اس معاملے کو دیکھتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب میریم نواز نے سخت ایکشن لیتے ہوئے صوبے کی انتظامیہ پر برہمی کا اظہار کیا تھا۔