اسلام آباد، جماعت اسلامی کے دھرنے اور پاکستان تحریک انصاف کی احتجاجی کال پر ریڈ زون اور دارالحکومت آنے والے راستوں کو کنٹینر لگا کر جزوی طور پر بلاک کردیا گیا ہے۔
فیض آباد کے مقام پر راولپنڈی جانے والے راستے کو بھی کنٹینرز لگا کر بلاک کر دیا گیا ہے اور مری روڈ پر چاندنی چوک اور سکستھ روڈ پر راستے میں رکاوٹیں پیدا کرنے کیلئے کنٹینرز پہنچا دیے گئے ہیں۔
ترجمان جماعت اسلامی کے مطابق بجلی کے بھاری بلوں اور مہنگائی کے خلاف دھرنا ضرور ہوگا اور ہمارے قافلے اسلام آباد کی طرف رواں دواں ہیں۔
امیر جماعت حافظ نعیم الرحمان اور نائب امیر لیاقت بلوچ اسلام آباد موجود ہیں، لیاقت بلوچ کے گھر میں چھاپے کے دوران 2 ملازمین کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
جماعت اسلامی نے لاہور اور گجرات سمیت دیگر شہروں سے متعدد کارکنان کو حراست میں لیے جانے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی نے عمران خان، گرفتار کارکنوں کی رہائی اور مہنگائی کے خلاف احتجاج کا باقاعدہ اعلان بھی کردیا ہے۔