لاہور، رہنما مسلم لیگ ن محسن شاہنواز رانجھا کا کہنا ہے کہ ملک میں ایک ٹولہ کبھی جمہوریت پر اور کبھی ملک پر حملہ آور ہوجاتا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن شاہنواز رانجھا نے کہا کہ منفی سیاست کو ہمیشہ کیلئے ختم ہونا چاہیے، چین کی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کررہی ہیں، معاشی طور پر ہمیں ملک کو بہتری کی طرف لیکر جانا چاہیے۔
رہنما ن لیگ نے کہا کہ ملک میں ایک ٹولہ کبھی جمہوریت اور کبھی ملک پر حملہ آور ہوتا ہے، سابق وزیراعظم عمران خان کے دور میں دوست ممالک کے سفارتی سطح پر تعلقات خراب ہوگئے۔
محسن شاہنواز رانجھا نے کہا کہ ماضی میں جسٹس شوکت صدیقی کی گفتگو آپ سن چکے ہیں ایک مخصوص ٹولے کیلئے کیسے فیصلے کرائے گئے ہیں، یہ لوگ آج بھی عدالتوں میں جاتے ہیں تو انہیں گڈ ٹو سی یو کہا جاتا ہے۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا پیپلزپارٹی کی حکومت ختم ہونے کے بعد کس طرح پی ٹی آئی کو متعارف کرایا گیا یہ سب بھی آپ کے سامنے ہے، میانوالی کی اکلوتی نشست جیتنے والے کی پارٹی کو کن طریقوں سے ایوان میں پہنچایا گیا۔
ن لیگی رہنما کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے دور میں میاں نوازشریف اور مریم نواز کو جیل میں ڈالا گیا، مسلم لیگ ن کے دوسرے رہنماؤں کے ساتھ بھی بے بنیاد کیسز بنا کر ایسا ہی سلوک کیا گیا تھا۔