گجرات میں آج ہونے والی موسلا دھار بارش نے شہر کی 50 سالہ تاریخ کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
مون سون ہواؤں کے نئے سسٹم کے زیر اثر ملک کے کئی علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، گجرات میں موسلا دھار بارش سے جل تھل ایک ہو گیا۔
گجرات میں تیز ہواؤں کے ساتھ بادل برسے، تو پورا شہر دریا کا منظر پیش کرنے لگا، گزشتہ پچاس برسوں میں گجرات میں اتنی تیز بارش نہیں ہوئی، پانی گھروں میں داخل ہو گیا، اور ہر گلی محلے میں 4 فٹ تک پانی جمع ہو گیا ہے۔
گلبرگ کالونی، رحمان شہید روڈ، شاہ دولہ دربار اور سرکلر روڈ پر پانی ہی پانی ہے، ادھر بھمبر آزاد کشمیر میں تیز بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے، گلیاں اور سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگی ہیں۔
مون سون ہواؤں کے باعث آج سے 31 جولائی تک بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔