پشاور، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے مذاکرات کے معاملے پر ایک بار پھر پاکستان تحریک انصاف کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ ہم نے تحریک انصاف کی طرح کبھی نہیں کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کیساتھ مذاکرات کرنے ہیں اور نہ ہی پی ٹی آئی کی طرح اسٹیبلشمنٹ کے کندھوں پر سوار ہوکر آنا چاہتے ہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہم نے کبھی نہیں کہا کہ ہماری حکومت باجوہ چلاتا ہے مگر پی ٹی آئی والے یہی کہتے تھے کہ ہماری حکومت باجوہ چلاتے ہیں لیکن ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد پی ٹی آئی والے کہتے ہیں کہ وہ برے تھے۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ وفاق سے صوبائی حقوق پر بات کرنے کے لیے جرگہ اراکین کا اعلان جلد کریں گے، تحریک انصاف ہمارے ساتھ جرگے میں بیٹھے گی تو خوش آمدید اور نہ بیٹھے تو ہمیں کوئی تکلیف نہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ یہ کوئی اچھی بات نہیں ہے کہ آپ یونیورسٹیوں کی زمینوں کو بیچیں، جب تک میں ہوں میں کبھی آپ کو ایسا نہیں کرنے دوں گا۔