کراچی، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کو عوام کے غصے سے بچنا ہے، عوامی مطالبات ماننا پڑیں گے ورنہ دھرنا تحریک ان کی وزارت عظمیٰ کو چھین لے گی۔
حافظ نعیم الرحمان نے کراچی میں گورنر ہاؤس کے سامنے بیٹھے دھرنا مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف اور وزرا میٹنگ میں کہتے ہیں جماعت کی تجاویز قابلِ عمل ہیں مگر آن ریکارڈ یہ کہتے ہیں تجاویز قابلِ عمل نہیں ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کا یہ کہنا تھا کہ بجلی کے بلز میں کمی ہی موجودہ حکومت کیلئے نجات کا باعث ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ تنخواہ دار طبقہ 368 ارب روپے کا ٹیکس ادا کررہا ہے، مگر جاگیرداروں سے انکم ٹیکس کیوں وصول نہیں کیا جاتا؟ اب یہ نہیں چلے گا۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ حکومت نے ہمارے مطالبات نہ مانے تو دھرنوں کا سلسلہ کے پی کے سے بلوچستان تک جائےگا۔
یاد رہے کہ آئی پی پیز سے معاہدوں، مہنگی بجلی اور تنخواہ دار طبقے پر اضافی ٹیکسوں کےخلاف جماعت اسلامی پاکستان کی جانب سے دھرنا جاری ہے۔