لاہور، وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے سائبر ونگ کے پاس اپنے شعبے کی کوئی مہارت نہیں لہٰذا وزیراعظم سے گزارش ہے اسے بند کروا دیں۔
لاہور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس صاحبہ معاملے کو سمجھتی ہیں، میرے خیال میں وہ معاملے کی تہہ تک پہنچنا چاہتی ہیں۔
عظمی بخاری کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے سائبر ونگ کے پاس اپنے شعبے کی کوئی مہارت نہیں اور یہ ٹکے کے کام کا نہیں، وزیراعظم شہباز شریف سے میری گزارش ہے کہ اس ڈیپارٹمنٹ کو ختم کردیں۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ ہمیں اسے روکنا ہوگا کیونکہ آج یہ میرے ساتھ ہورہا ہے کل کسی اور کیساتھ ہوگا، شرفاء کی عزتیں اچھالی جارہی ہیں، جب سے یہ فتنہ پارٹی کا وجود سامنے آیا تب سے یہ چیزیں سامنے آرہی ہیں، فیک ویڈیوز کی تربیت نہ گھر کی ہے اور نہ ہی پارٹی کی، وگرنہ ہمیں بھی یہ کرنا آتا ہے، جبکہ بشریٰ بی بی کی کوئی ڈیپ فیک ویڈیو نہیں بنائی گئی، اگر عمران خان کی اہلیہ نے عدت میں نکاح کیا تو اس میں میرا قصور ہے؟
وزیراطلاعات پنجاب کا مزید یہ کہنا تھا کہ میرے بیٹے کے ساتھ میری تصویر لگا کر جو کچھ کہا جا رہا ہے، کسی کو شرم آئی؟ میں اپنے آخری سانس تک یہ کیس لڑوں گی۔