صوبائی وزیرصنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیرصدارت ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں اجلاس ہوا۔
اجلاس میں چیف منسٹر سکل ڈویلپمنٹ پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پروگرام کا پہلا مرحلہ کامیابی سے تکمیل کے قریب ہے۔ جبکہ دوسرے مرحلے کے لیے داخلے جاری ہیں۔
دوسرے سیشن کی کلاسز یکم ستمبر سے شروع ہوں گی۔ چوہدری شافع حسین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر سکل ڈویلپمنٹ پروگرام حکومت کا ٹیکنیکل ایجوکیشن کے فروغ کی جانب اہم اقدام ہے۔
پروگرام کے تحت پنجاب کے 16 شہروں میں ٹیوٹا کے 35 اداروں میں شارٹ کورسز کرائے جا رہے ہیں۔ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو بین الاقوامی سرٹیفکیشن کے ساتھ مفت آئی ٹی کورسز کرائے جارہے ہیں۔
گرافک ڈیزائن، کلاؤڈ کمپیوٹنگ، سائبر سکیورٹی، آرٹیفیشل انٹیلی جنس، مشین لرننگ اور گیم ڈویلپمنٹ کے شارٹ کورسز کرائے جا رہے ہیں۔
چوہدری شافع حسین کا کہنا تھا کہ عالمی مارکیٹ میں ہنرمند افرادی قوت کی بہت ڈیمانڈ ہے۔ اس لیے عالمی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنرمند افرادی قوت کی تیاری پرخصوصی توجہ دے رہے ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا نوجوانوں کو جدید علوم سے آراستہ کرکے خوشحالی کا سفر طے کریں گے۔
چیئرمین ٹیوٹا بریگیڈئیر ریٹائرڈ محمد ساجد کھوکھر، سینئر ڈی جی اختر عباس بھروانہ اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔