اسلام آباد، وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ عمران خان نے پہلے شیخ مجیب کو ہیرو بنا کر پیش کیا، لیکن جب مجسمہ گرا تو فوراََ یوٹرن لے لیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ الیکشن ایکٹ کا ترمیمی بل قومی اسمبلی سے کثرت رائے سے منظور ہونے کے بعد سینیٹ سے بھی منظور کرلیا گیا ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ بنگلہ دیش کی صورتحال کے پیش نظر پاکستان میں بہت بحث ہورہی ہے، ایک سیاسی جماعت کیجانب سے 1971 کے حوالے سے بھی سیاسی پوائنٹ سکورنگ کی گئی۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ سیاسی پارٹیاں مخصوص نشستوں کیلئے پارلیمنٹ میں فہرستیں دیتی ہیں، لیکن جس سیاسی جماعت کا پارلیمنٹ میں وجود ہی نہ ہو اسے کیسے مخصوص نشستیں مل سکتی ہیں۔
عطاتارڑ کا کہنا کہ 15 روز سے سپریم کورٹ نے تفصیلی فیصلہ جاری نہیں کیا، میرا سوال یہ ہے کہ کیا بیان حلفی جمع کرانے کے بعد کوئی بھی رکن اپنی پارٹی تبدیل کرسکتا ہے یا نہیں؟
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ چند روز قبل عمران خان نے شیخ مجیب کو ہیرو بنا کر پیش کیا، بعد میں جب اسکا مجسمہ گرایا گیا تو فوراََ یوٹرن لے لیا۔
عطا تارڑ کا مزید یہ کہنا تھا کہ بنگلہ دیش میں موجودہ صورتحال کے پیش نظر پی ٹی آئی کے مجیب کے متعلق بدلتے بیانیے پر حیرت ہے، تاہم وفاقی حکومت بنگلہ دیش کی موجودہ صورتحال میں اسکے ساتھ ہے۔