رہنما مسلم لیگ ن طلال چودھری کا عمران خان کے مشروط معافی کے بیان پر ردعمل آگیا ہے۔
ایک بیان کے مطابق طلال چودھری کا کہنا تھا کہ سانحہ 9 مئی کے جرم کا اعتراف کرنے والا اب ثبوت مانگ رہا ہے، سی سی ٹی وی فوٹیج میں یہ واضح دیکھا جاسکتا ہے کہ کورکمانڈر ہاؤس کے باہر پی ٹی آئی کے لیڈر تھے۔
طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والے کبھی گریبان پکڑتے ہیں اور کبھی پاؤں، بانی پی ٹی آئی عمران خان کو مشورہ ہے کہ مشروط معافی مانگنے کے بجائے غیر مشروط معافی مانگ لیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ عمران خان نے پہلے شیخ مجیب کو ہیرو بنا کر پیش کیا، لیکن جب مجسمہ گرا تو فوراََ یوٹرن لے لیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ الیکشن ایکٹ کا ترمیمی بل قومی اسمبلی سے کثرت رائے سے منظور ہونے کے بعد سینیٹ سے بھی منظور کرلیا گیا ہے۔
عطا تارڑ نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کی صورتحال کے پیش نظر پاکستان میں بہت بحث ہو رہی ہے، ایک سیاسی جماعت کیجانب سے 1971 کے حوالے سے بھی سیاسی پوائنٹ سکورنگ کی گئی۔