کراچی، سینئر رہنما پیپلزپارٹی منظور وسان کی جانب سے یہ پیشگوئی کی گئی ہے کہ پاکستان میں 2 یا ڈھائی ماہ کے دوران کچھ بھی ہوسکتا ہے۔
پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما منظور وسان کا کہنا ہے کہ مجھے پاکستان کے اچھے دن نظر نہیں آرہے، ہوسکتا ہے کہ آنیوالے دنوں میں عدلیہ، ریاستی اداروں اور سیاستدانوں کے درمیان محاذ آرائی بڑھ سکتی ہے، جسکا نتیجہ صرف ٹکراؤ ہوسکتا ہے، اس لیے میرے فہم کے مطابق ملک میں 2 یا ڈھائی ماہ کے دوران کچھ بھی ہوسکتا ہے۔
منظور وسان نے پیشگوئی کی کہ پاکستان میں سیاستدانوں کے لیے آنے والے دن اچھے نظر نہیں آرہے، سیاستدان، سیاسی لڑائیوں کی بجائے جمہوریت کی بالادستی قائم کریں، سیاسی شخصیات خوش فہمی میں نہ رہیں ان کے لیے حالات اچھے نہیں۔
پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ اگر جمہوریت باقی رہے گی تو ملک باقی رہے گا، اگر سیاست دان ہی نہیں ہونگے تو یہ ملک کیسے چل سکتا ہے۔
منظور وسان کا یہ کہنا تھا کہ ممکن ہے قومی اسمبلی تحلیل کردی جائے اور کچھ وقت کیلئے عبوری سیٹ اپ بھی آسکتا ہے۔
تحریک انصاف اور عمران خان اب بند گلی میں پھنس چکے ہیں، پی ٹی آئی والے اگر ہوشیاری سے کام لیں تو موجودہ حالات سے نکل سکتے ہیں، پی ٹی آئی ایسے حالات پیدا نہ کرے کہ پھر واپسی کا راستہ ممکن نہ ہوسکے، عمران خان کو سمجھداری سے کام لینا چاہیے۔