آرمی چیف کی خوش کلامی کے وزیراعظم شہباز شریف بھی مداح، کہا کہ سپہ سالار کی گفتگو ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔
نیوز الرٹ (ویب ڈیسک): اسلام آباد میں منعقد ہونے والی علما و مشائخ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی گفتگو کے بعد مزید کسی اضافے کی ضرورت نہیں رہی۔ ہمارے سپہ سالار نے قرآن کی تعلیمات کی روشنی میں تفصیلی گفتگو فرمائی ہے۔
پاکستان کو آج جن سنگین معاشی چیلنجز کا سامنا ہے آرمی چیف نے ان کا بھی ذکر کیا ہے، وزیراعظم پاکستان نے مزید کہا کہ میں آج کسی سیاسی حکومت کا ذکر نہیں کروں گا۔
بدقسمتی سے ہم دنیا میں وہ مقام حاصل نہیں کرسکے جو ہمیں کر لینا چاہیے تھا لیکن اگر ہم آج بھی کمر کس لیں اور انتھک محنت کریں تو وہ دن دور نہیں جب ہم پاکستان کو عظیم مقام دلا سکتے ہیں۔
قومی یکجہتی کی جتنی ضرورت آج ہے شاید اس سے پہلے کبھی نہ تھی، حکومت اور اداروں کے درمیان باہمی تعاون کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔
چند عناصر جو پاکستان سے دشمنی کرتے ہیں لیکن دوستی کا لبادہ اوڑھے ہوئے ہیں ہمیں ان کو پہچاننے کی ضرورت ہے۔ ہم دیکھتے ہیں کہ سوشل میڈیا پر ہمارے شہدا کی بے حرمتی کی جاتی ہے ہمیں اس کلچر کو ختم کرنا ہوگا، 9 مئی جیسا دلخراش واقعہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی نہیں ہوا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ قرض ایسا چنگل ہے جس سے آزادی حاصل کرنا آسان نہیں۔ ہمیں خود روکھی سوکھی کھا کر پاکستان کو قرض کی دلدل سے آزاد کروانا ہے۔
پوری کوشش ہے کہ پاکستان کی معاشی مشکلات کو ختم کیا جائے کیونکہ غریب آدمی اس ماحول میں پس گیا ہے۔ ان معاملات میں سیاسی قیادت کے ساتھ ساتھ تمام اداروں سے بھی مشاورت جاری ہے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ گزشتہ رات بھی صدر زرداری سے بات ہوئی اور آرمی چیف بھی مشاورت میں شامل ہیں، ملکی قیادت خوشی سے آئی ایم ایف پروگرام میں نہیں جارہی بلکہ یہ ہماری مجبوری ہے۔ قوم جلد سرخرو ہوگی۔
کسی بھی قوم میں سب سے زیادہ اہم طبقہ وہاں کے علماکرام ہوتے ہیں جو معاشرے میں اخوت اور امن قائم رکھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ وزیراعظم نے تمام شرکا سے پاکستان کی معاشی سمت درست کرنے کے لئے کردار ادا کرنے کی بھی درخواست کی۔
واضح رہے کہ پاک چائنہ فرینڈشپ سنٹر میں ہونے والی اس کانفرنس میں ملک بھر سے تمام مکاتب فکر کے علما کرام شریک ہوئے۔
اس تقریب میں وزیراعظم نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ آرمی چیف بطور گیسٹ آف آنر شریک ہوئے۔