لاہور، صوبہ پنجاب میں نااہل پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سے فوری اختیارات واپس لینے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل سے چیئرپرسن پرائس کنٹرول ٹاسک فورس سلمیٰ بٹ نے خصوصی ملاقات کی، ملاقات کے موقع پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سیکرٹری داخلہ کی جانب سے نااہل پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سے فوری طور پر اختیارات واپس لے لیے جائیں گے، جب کہ کام چور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی بھی عمل میں لائی جائی گی۔
سیکرٹری داخلہ کی جانب سے سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ انتظامی افسران خود فیلڈ میں نکلیں اور پرائس کنٹرول میکنزم کی نگرانی کریں۔
چیئرپرسن پرائس کنٹرول ٹاسک فورس سلمیٰ بٹ کا کہنا تھا کہ اتوار بازاروں میں شہریوں کے لیے سہولت پیدا کر رہے ہیں، جب کہ پنجاب کے تمام بڑے شہروں میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو خود مانیٹر کررہی ہوں۔
دوسری جانب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ 200 سے 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین پر آج بھی بہت بڑا بوجھ ہے، نواز شریف، آرمی چیف، اتحادی رہنماؤں سے مشاورت تاحال جاری ہے اس حوالے سے جامع منصوبہ بندی کی جارہی ہے، کل صدر مملکت آصف زرداری سے اسی موضوع پر بات ہوئی ہے، اسکا حل نکال رہے ہیں۔