کوئٹہ میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پاسپورٹ بنوانے والے شہریوں کو بڑی خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ اب بلوچستان کی عوام کو مفت پاسپورٹ جاری کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کمپیوٹرائزڈ اسلحہ لائسنس کے اجرا کے افتتاح پر اعلان کیا کہ ہم نے لوگوں کی آسانی کے لئے پاسپورٹس آفس سے معاہدہ کیا ہے جس کے مطابق اب پاسپورٹ کی فیس لوگ نہیں حکومت دے گی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ ون ڈاکیومنٹ رجیم پر عملدرآمد کرنے کیلئے ڈیجیٹل پاسپورٹ ہوگا، چمن کے شہریوں کو مفت پاسپورٹ جاری کیا جائے گا اور پاسپورٹ کی 16 ہزار فیس حکومت ادا کرے گی۔
میر سرفراز بگٹی نے یہ بھی بتایا کہ ہم ڈیجٹائزیشن کی مدد سے گڈ گورننس کی طرف جا رہے ہیں، جن کے پاس بلوچستان کا ڈومیسائل ہوگا ان کو اسلحہ لائسنس ملے گا، ڈیجیٹل اسلحہ لائسنس کو پورے بلوچستان میں پھیلائیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان میں امن و امان کا قیام اولین ترجیح ہے اس معاملے پر بلوچ یکجہتی کمیٹی کے ساتھ مذاکرات حکومت بنانے کے بعد پہلے روز سے جاری ہیں۔
اس وقت صوبہ کو سیلاب کا سامنا ہے بلوچستان کے 4 اضلاع سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں وہاں نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے ان علاقوں میں امدادی کاموں کی فوری ضرورت ہے جس پر بلوچستان حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے اور وہاں ہونے والے نقصان کے پیش نظر حکومت کی طرف سے ان اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔