محکمہ موسمیات نے 9 سے 12 اگست تک پنجاب اور آزاد کشمیر کے اضلاع میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 9 اگست سے بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے مون سون ہوائیں شدت سے ملک میں داخل ہوں گی جس کے باعث وادی نیلم، راولا کوٹ اور باغ میں تیز ہواؤں کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔
اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، چکوال، تلہ گنگ اور گجرات میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ 9 سے 12 اگست تک ضلع جہلم میں جھکڑ چلنے اور تیز ہواؤں کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے خیبر پختونخوا، بلوچستان، سندھ اور گلگت بلتستان میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی۔
مون سون کی بارشوں کا دورانیہ عام طور پر جولائی کے اوائل سے ستمبر تک جاری رہتا ہے۔ یہ بارشیں ملک کے مختلف حصوں میں مختلف شدت کے ساتھ برستی ہیں۔
یہ بارشیں نہ صرف زرعی پیداوار کے لیے بلکہ پانی کے ذخائر کو بھرپور کرنے اور موسم کو خوشگوار بنانے کے لیے بھی انتہائی اہم ہیں۔
لیکن پاکستان میں اس کے برعکس ہر سال یہ بارشیں سیلاب اور تباہی ساتھ لے کر آتی ہیں۔ مناسب انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے نکاسی آب کے مسائل پاکستان کے ہر بڑے شہر میں دیکھنے کو ملتے ہیں۔
محکمہ موسمیات نے بارشوں کے دوران عوام سے غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے کی بھی تلقین کی ہے۔